پاکستان شوبز انڈسٹری کے اُبھرتے ہوئے ماڈل و اداکار ارسلان خان نے اپنی کامیابی کا سہرا اپنی اہلیہ و اداکارہ حرا خان کے سر سجا دیا۔
حال ہی میں ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے اداکار نے کہا کہ انہیں اداکارہ حرا خان سے شادی کے بعد شہرت حاصل ہوئی۔
دوران شو انہوں نے اپنے کیرئیر کے نشیب و فراز اور نجی زندگی پر کھل کر بات کی اور بتایا کہ ایک وقت ایسا بھی تھا جب انہیں ڈراموں کی آفرز نہیں ہو رہی تھیں، اس وقت ان کی موجودہ اہلیہ نے انہیں بہت سپورٹ کیا۔
اداکار نے سال 2023 کو بہترین قرار دیتے ہوئے کہا کہ رواں سال کے آغاز میں حرا سے شادی ہوئی اور اس کے بعد شہرت ملنا شروع ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ میں اس بات پر یقین رکھتا ہوں کہ جب شادی ہوتی ہے تو شوہر کی قسمت اس کی بیوی کی قسمت سے جڑ جاتی ہے
ارسلان خان نے بتایا کہ شادی کی وجہ سے زیادہ لوگ پہچانے لگے اور ڈراموں کی آفرز بھی ہونے لگیں۔ ڈرامہ سیریل کالج گیٹ کے بعد مزید 2 ڈراموں میں مرکزی کردار کی پیشکش ہوئی ہے، جس میں ایک منفی کردار ہے اور دوسرا رومانوی، ان کے مطابق رومانس کرنا بہت مشکل ہے۔
خیال رہے کہ شوبز انڈسٹری میں قدم رکھنے سے قبل ارسلان خان بیڈمنٹن کھیلتے تھے اور انہوں نے 13 سال کی عمر میں بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کی۔