نامور اداکارہ منشا پاشا اور سماجی کارکن و وکیل جبران ناصر نے 22 دسمبر 2019 کو کراچی میں منگنی کی تھی اور ان کی منگنی کی تقریب کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔
منگنی ہونے کے بعد تقریب میں جبران ناصر نے سب کے سامنے منگیتر اداکارہ منشا پاشا کو ماتھے پر بوسہ بھی دیا تھا جس پر انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا تھا۔
بلاوجہ تنقید کا نشانہ بنائے جانے پر منشا پاشا نے بعد ازاں سوشل میڈیا پر تنقید کرنے والے افراد کو کرارا جواب بھی دیا۔
منگنی کے 2 ہفتے بعد ہی اداکارہ منشا پاشا نے انسٹاگرام پر ’آسک می‘ کے سلسلے کے تحت مداحوں کے سوالوں کے جوابات دیے اور انہوں نے جوابات دینے کے دوران انکشاف کیا کہ ان کے منگیتر بہت اچھی بریانی پکا لیتے ہیں جب کہ وہ اچھا مزاح بھی کر لیتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: منشا پاشا اور جبران ناصر نے منگنی کرلی
منشا پاشا سے انسٹاگرام پر ایک مداح نے پوچھا کہ جبران ناصر کی وہ کون سی بات ہیں جو عام لوگ ان کے حوالے سے نہیں جانتے جس پر اداکارہ نے جواب دیا کہ ’وہ بہت اچھی بریانی پکا لیتے ہیں‘۔
اسی طرح ایک مداح نے اداکارہ سے سوال کیا کہ وہ جبران ناصر سے کتنی محبت کرتی ہیں جس پر منشا پاشا نے جواب دیا کہ وہ ان سے بہت محبت کرتی ہیں۔
مزید پڑھیں: منگنی کے بعد بوسہ دینے پر تنقید کرنے والوں کو منشا پاشا کا کرارا جواب
ایک سوال کے جواب میں منشا پاشا نے بتایا کہ جبران ناصر بہت اچھا مزاح بھی کر لیتے ہیں تاہم وہ اس وقت ہی مذاق کرتے ہیں جب وہ موڈ میں ہوتے ہیں۔
منگنی کے 2 ہفتے بعد اداکارہ سے ایک مداح نے شادی کے حوالے سے بھی سوال کیا اور پوچھا کہ شادی کب ہے؟
یہ ویڈیو دیکھیں: منشا پاشا اور جبران ناصر کی ویڈیو وائرل
اداکارہ نے مداح کے سوال پر ناراض ہونے کے بجائے انہیں جواب دیا کہ ’انہیں نہیں پتہ کہ ان کی شادی کب ہوگی‘۔
منشا پاشا نے مزید وضاحت کی کہ ان دونوں کے اپنے اپنے شیڈول کو دیکھنے کے بعد اس حوالے سے فیصلہ کرنا ہے۔