شائقین کی ریکارڈ شرکت نے میچ یادگار بنا دیا


لاہور: 

 پاکستان سپرلیگ کے قذافی اسٹیڈیم میں لاہور قلندرزاورکوئٹہ گلیڈی ایٹرزکے درمیان شیڈول میچ میں شائقین کی ریکارڈ شرکت نے میچ کویادگار بنادیا۔

زندہ دلان لاہور نے ورکنگ ڈے ہونے کے باوجود میچ میں بھرپورانداز میں شرکت کی اور لیگ کے سب سے ہائی اسکورنگ میچ  کے ساتھ خوشگوار موسم کا بھی بھرپورلطف اٹھایا،کرکٹ پرستاروں کی آمد کا سلسلہ 4 بجے شروع ہوا جس میں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ تیزی آتی گئی۔

مقابلہ شروع ہونے سے قبل ہی شائقین کی حوصلہ افزا تعداد اسٹیڈیم کے اندر موجود رہی اور میچ شروع ہونے کا بیتابی سے انتظارکرتی رہی، ساڑھے 6 بجے کے قریب قذافی اسٹیڈیم کے اطراف میں شائقین کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں،قذافی اسٹیڈیم میں موجود شائقین کی بڑی تعداد نے اپنے چہرے قومی پرچم سے پینٹ کر رکھے  تھے جبکہ کچھ کرکٹ کے دیوانے اور مستانے ایسے بھی تھے جو سبز ہلالی پرچم ہاتھوں میں اٹھائے نظر آئے۔

میچ کے دوران شائقین مسلسل ہلہ گلہ کرتے اور کھلاڑیوں کی پرفارمنس سے خوب لطف اندوز ہوتے اورملی نغموں پرجھومتے رہے۔ شائقین وقفے وقفے سے اپنے موبائل کی ٹارچ جلا کر میچ کے لمحات کو حسین بناتے بھی نظر آئے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز کا میچ دیکھنے کے لیے ڈاکٹرز کا وفد بھی اسٹیڈیم میں آیا، اس موقع پرشائقین کاکہنا تھا کہ اسٹیڈیم میں بیٹھ کرمیچ دیکھنا ہمارا خواب تھا جو پورا ہوگیا۔

اسٹار کرکٹرز کوایکشن اور چوکوں چھکوں کی برسات دیکھ کر ہمارے پیسے پورے ہوگئے، اس موقع پردوسرے شائقین کا کہنا تھا کہ آج کسی ٹیم کی جیت یا ہار نہیں ہوئی بلکہ یہ مجموعی طور پرپاکستان اور ملکی کرکٹ  کی فتح ہوئی ہے۔

ادھر کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لیے سیکیورٹی کے سخت ترین حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے ،شائقین کی سخت جامہ تلاشی کے بعد انھیں اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دی گئی۔ نشتراسپورٹس کمپلیکس کے ایریا کی ہیلی کاپٹر کے ذریعے لمحہ بہ لمحہ نگرانی کی جاتی رہی جبکہ اونچی عمارتوں پراسنائپرز کی خدمات بھی حاصل کی گئی تھی۔


اپنا تبصرہ لکھیں