لاہور:
پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کا شمار روایتی حریفوں میں ہوتا ہے، ملک کے 2 بڑے شہر قومی کرکٹ کی 2 بڑی نرسریاں بھی ہیں، یہاں سے اُبھرنے والے عمران خان، جاوید میانداد، ماجد خان، ظہیر عباس، سعید انور، عبدالقادر، وسیم اکرم، یونس خان، شاہد آفریدی، معین خان اور راشد لطیف نے میدانوں پر راج کیا۔
موجودہ ستاروں بابراعظم، سرفرازاحمد، وہاب ریاض، شان مسعود، اظہر علی اور امام الحق کا تعلق بھی انہی دونوں شہروں سے ہے، مگر یہاں کی ٹیمیں گذشتہ 4 سیزنز میں کبھی فائنل میں رسائی حاصل نہیں کرسکیں۔
اس بار عماد وسیم کی زیر قیادت کراچی کنگز کو ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں دنیا کے نمبر ون بیٹسمین بابراعظم، جارح مزاج ایلکس ہیلز اور کیمرون ڈیلپورٹ کے ساتھ شرجیل خان کی خدمات حاصل ہیں، محمد عامر، عمید آصف، کرس جارڈن، مچل میکلنگن، عماد وسیم اور عمر خان جیسے بولرز کا ساتھ بھی ٹیم کومیسر ہوگا، سہیل اختر کی قیادت میں لاہور قلندرز کے بیٹسمین کرس لین، فخر زمان، محمد حفیظ، بین ڈنک اورسلمان بٹ بڑا اسکور کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
دوسری جانب شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور عثمان شنواری پر مشتمل لاہور قلندرز کا بولنگ اٹیک بھی بڑا جاندار ہے، دونوں ٹیموں میں سخت مقابلوں کی توقع ظاہر کر دی گئی ہے۔