لاہور: ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سی پیک منصوبے پر کام کرنے والے چینی باشندوں کی اسکریننگ کی جائے گی۔
ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ سی پیک منصوبے پر کام کرنے والے 4 ہزار چینیوں کو ماسک دے دیئےگئے ہیں۔
پولیس ترجمان نے مزید بتایا کہ ملتان اور اسلام آباد ائیرپورٹ پر چینی باشندوں کے طبی معائنے کے لیے اسکریننگ کاؤنٹرز بھی لگا دیئے گئے ہیں۔
چینی باشندوں کی سیکیورٹی پر مامور 10 ہزار پولیس اہلکاروں کو ماسک فراہم کر دیئے گئے ہیں جب کہ پولیس حکام متعلقہ اضلاع کے ڈی ایچ اوز کے ساتھ رابطےمیں رہیں گے۔
کورونا وائرس سے ہلاکتیں
چین میں کورونا وائرس سے ہلاکتیں 80 ہوگئیں، کئی ممالک میں وائر س کی تصدیق
واضح رہے کہ چین میں جان لیوا کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 80 سے تجاوز کرگئی ہے۔
چین کے علاوہ جنوبی کوریا میں بھی کورونا وائرس کے 4 کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ تھائی لینڈ، تائیوان، جاپان، امریکا، ویت نام، سنگاپور، ملائیشیا، نیپال، فرانس، کینیڈا اور آسٹریلیا میں بھی کورونا وائرس کے کیس رپورٹ ہو چکے ہیں۔
امریکی حکام نے واشنگٹن، شکاگو، جنوبی کیلی فورنیا اور ایری زونا میں کیسز رپورٹ ہونے کی تصدیق کی ہے۔
اس کی علامات کیا ہیں؟
کورونا وائرس سے کیسے بچا جا سکتا ہے؟ ماہرین کی ہدایات
ڈبلیو ایچ او کے مطابق کورونا وائرس کی علامات میں سانس لینے میں دشواری، بخار، کھانسی اور نظام تنفس سے جڑی دیگر بیماریاں شامل ہیں۔
اس وائرس کی شدید نوعیت کے باعث گردے فیل ہوسکتے ہیں، نمونیا اور یہاں تک کے موت بھی واقع ہوسکتی ہے۔
یہ کتنا خطرناک ہوسکتا ہے؟
ماہرین کے مطابق کورونا وائرس اتنا خطرناک نہیں جتنا کہ اس وائرس کی ایک اور قسم سارس ہے جس سے 3-2002 کے دوران دنیا بھر میں تقریباً 800 افراد جاں بحق ہوئے تھے اور یہ وائرس بھی چین سے پھیلا تھا۔