اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس کے دوران چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبوں (سی پیک) پر عمل درآمد کے لیے سی پیک بزنس ایڈوائزری کونسل قائم کرنےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت سی پیک سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس کے دوران انہیں سی پیک منصوبوں میں انڈسڑیل ڈویلپمنٹ اور صنعتی زونز کی تعمیر پر بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم کو ایم ایل ون پراجیکٹ، ایگری کلچر ڈیویلپمنٹ، سوشو اکنامک ڈویلپمنٹ اور گوادر کی تعمیر و ترقی کے امور پر بھی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر سی پیک منصوبوں پر عمل درآمد فوری تیز کرنے کے اقدامات کا فیصلہ کیا گیا اور اس سلسلے میں سی پیک بزنس ایڈوائزری کونسل کا قیام بھی عمل میں لانے کا فیصلہ ہوا۔
وزیراعظم نے کہا کہ چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ خصوصی اکنامک زونز سے متعلق 4 ہفتوں میں تجاویز دیں، سی پیک منصوبوں کی جلد تکمیل سے معاشی سرگرمیوں اور روزگار میں اضافہ ہوگا۔