ماہرہ خان کےعلاوہ پاکستان سے ایشیا کی پرکشش ترین خواتین کی فہرست میں شامل ہونے والی مہوش حیات نے اس اعزاز کیلئے مختص ٹائٹل پرتحفظات کا اظہارکردیا۔
مہوش حیات کا کہنا ہے کہ کسی کو بھی اس کی صلاحیتوں کی بنیاد پرپرکھنا چاہیے نہ کہ جسمانی صفات پر۔
برطانوی جریدے ایسٹرن آئی کی جانب سے جاری کی جانے والی “50 سیکسئیسٹ ایشین ویمن آف 2019 ” کی فہرست کے پہلے 10 ناموں میں ماہرہ خان کا نمبر چوتھا اور مہوش حیات کا نواں ہے۔
یہ اعزاز حاصل کرنے کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں کی بڑی تعداد نے مہوش اور ماہرہ کو مبارکباد دی لیکن جواب میں مہوش حیات نے اس حوالے سے چند تحفظات کا اظہار کرڈالا۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹرپر مہوش کا کہنا ہے کہ مجھے یہ اعزاز حاصل کرنے پر خوش ہونا چاہیے، اور ایمانداری سے کہوں تو 10 سال قبل میں وہ پہلی پاکستانی تھی جو اس فہرست کا حصہ بنی۔
اداکارہ نے اس ٹائٹل پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ کوئی کتنا پرکشش ہے کیا کسی کے موازنے کا معیار بن سکتا ہے؟َ لوگوں کو ٹیلنٹ ، میرٹ اور ان کی ذہانت کی بنیاد پر پرکھا جائے نہ کہ ان کے جسمانی خدوخال کی وجہ سے۔
مہوش نے زور دیا کہ وقت تبدیل ہو رہا ہے اور اس قسم کی فہرستیں اب ماضی کا حصہ بن جانی چاہئیں۔
اس فہرست میں عالیہ بھٹ پہلے، دپیکا پڈوکون دوسرے، حنا خان تیسرے، پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان چوتھے، سربھی چندانا پانچویں، کترینہ کیف چھٹے، شیوانگی جوشی ساتویں، نیا شرما آٹھویں، ستارہ امتیاز حاصل کرنے والی مہوش حیات نویں اور پریانکا چوپڑا دسویں نمبرپرہیں۔