کراچی:
کراچی چیمبرآف کامرس نے ادارہ قومی بچت کے سیونگ سرٹیفکیٹس پر منافع کی ادائیگیاں اچانک روکنے پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے اس مسئلے پر غور کرنے کا مطالبہ کردیا۔کراچی چیمبر کے صدر شارق وہرا نے کہاہے کہ منافع کی ادائیگیوں میں تاخیر کی وجہ سے بزرگ، ریٹائرڈ افراد اور بیواؤں سمیت کئی ایسے افراد کی مشکلات میں اضافہ ہوگا جنکی روزمرہ زندگی کا انحصار ان ادائیگیوں پر ہے،کے سی سی آئی کو نیشنل سیونگ سرٹیفکیٹس میں کی گئی سرمایہ کاری پربغیر کسی وجہ کے منافع کی ادائیگیاں روکنے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔
یہ بات عیاں ہے کہ یہ ادائیگیاں زیادہ تر بزرگ شہریوں اور بیوہ خواتین کی ہوتی ہیں جو اپنی زندگی بھر کی جمع پونجی بچت سرٹیفکیٹس میں لگاتے ہیں تاکہ وہ ماہانہ بنیاد پر حاصل ہونے والی آمدنی سے گزر بسر کرسکیں لہٰذا اس طرح ان لوگوں کے گزر بسر سے وابستہ اہم ادائیگیوں کو روکنا واقعی غیر منصفانہ ہے۔
انھوں نے وزارت خزانہ اور اسٹیٹ بینک سے عوام کو بچت سرٹیفکیٹس کی مد میں منافع کی فوری ادائیگیاں کرنے ہدایت جاری کرنے کی درخواست کی تاکہ ان کے معمولات زندگی کو متاثر ہونے سے بچایا جا سکے۔