پاکستان کی ایوان بالا نے آج پاک فوج اور سیکیورٹی افسران کے خلاف منفی پروپیگنڈا کرنے پر سزا کی قرارداد کو اتفاق رائے سے منظور کر لیا ہے۔
قرارداد پیپلز پارٹی کے سینیٹر بہرا مند خان تنگی نے پیش کی، قرارداد میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ پاک فوج اور سیکیورٹی فورسز کے خلاف منفی اور بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈا کرنے والے کو سخت سزا دی جائے، سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر پاک فوج کے خلاف بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔
اس میں دہشت گردی کے خلاف جنگ اور ملکی سرحدوں کے دفاع کے لیے مسلح افواج اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی عظیم قربانیوں کو اجاگر کیا گیا ہے اور اس بات کا اعتراف کیا گیا ہے کہ بالخصوص مخالف ہمسایہ ملک کے پیش نظر مضبوط فوج اور دیگر سیکیورٹی ادارے ملک کے دفاع کے لیے ناگزیر ہیں۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ سینیٹ حکومت سے سفارش کرتی ہے کہ وہ افواج پاکستان اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے خلاف منفی اور بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈے میں ملوث پائے جانے والوں کو عوامی عہدے سے 10 سال کی نااہلی سمیت سخت سزا دینے کے لیے ضروری اقدامات اٹھائیں۔
سینیٹ بہرا مند تنگی نے لاپتہ افراد کا معاملہ بھی سینیٹ میں اٹھایا، ان کا کہنا تھا کہ آج اینکر صاحبان اور لیڈر صاحبان بھی لاپتہ افراد کی بات کرتے ہیں، آج بلوچستان میں کروڑوں لوگ ہیں، ان میں طلبہ ہیں سیاستدان ہیں ملازمین ہیں بچے ہیں خواتین ہیں لیکن وہ محب وطن ہیں ان کو تو کسی نے لاپتہ نہیں کیا، ان کو تو کسی نے اغوا نہیں کیا،
انہوں نے چیئر مین سینیٹ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا تعلق بھی بلوچستان سے ہے، آپ سیاست کرتے ہیں آپ کے دادا نے سیاست کی مگر آپ کو تو کسی نے اغوا نہیں کیا، آپ ہاؤس میں تصویر دکھاتے ہیں کہ یہ لاپتہ ہے کیا آپ ان کے بارے میں بتائیں گے وہ کون ہے؟ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس ایوان میں جو افواج پاکستان کے خلاف گندی زبان استعمال کرتا ہے ان کی زبانوں کو کاٹنا چاہیے۔
بعد ازاں سینیٹ اجلاس کل صبح 10٫30 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔