سینئر اداکار طلعت حسین کی طبیعت اب کیسی ہے؟

سینئر اداکار طلعت حسین کی طبیعت اب کیسی ہے؟


عالمی شہرت یافتہ پاکستانی اداکار طلعت حسین کی علالت کی خبر سامنے آنے کے بعد اداکار فیصل قریشی اپنی اہلیہ ثناء فیصل کے ہمراہ عیادت کرنے ان کے گھر پہنچ گئے۔

فیصل قریشی ہمیشہ سے ہی شوبز انڈسٹری کے تمام سینئر اداکاروں کا بہت احترام کرتے ہیں۔

اسی لیے جب اُنہیں طلعت حسین صاحب کی علالت کی اطلاع ملی تو ان کے گھر عیادت کرنے کے لیے گئے اور ان کے ساتھ کچھ یادگار وقت گزارا۔

فیصل قریشی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر طلعت حسین کے ساتھ اپنی ملاقات کی ویڈیو شیئر کی۔

اس ویڈیو میں طلعت حسین کو فیصل قریشی کے ان کے گھر آنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

فیصل قریشی نے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ آپ کا پیار اور آپ کی دعائیں ہمیشہ میرے ساتھ رہیں اور آپ کی یہ مسکراہٹ اللّٰہ ہمیشہ ایسے ہی قائم رکھے۔

دوسری جانب، فیصل قریشی کی اہلیہ ثناء فیصل نے بھی طلعت حسین کے ساتھ ہونے والی ملاقات کی ایک ویڈیو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی ہے۔

اُنہوں نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ لیجنڈ اداکار طلعت حسین صاحب سے ملنا میرے کیے اعزاز کی بات ہے۔

ثناء فیصل نے لکھا کہ میں انہیں بچپن سے ہی ٹی وی پر دیکھتی آ رہی ہوں جو پاکستانی میڈیا کے منظر نامے کا ایک حقیقی چراغ ہیں۔

اُنہوں نے لکھا کہ دلکش ڈراموں سے لے کر بصیرت انگیز تحریر تک ان کی خدمات نے شوبز انڈسٹری میں ناقابلِ فراموش نشان چھوڑا ہے۔

ثناء فیصل نے اپنی پوسٹ  کے آخر میں لکھا کہ ڈیمنشیا کا شکار ہونے کے باوجود بھی ان کی روح مضبوط ہے، اللّٰہ اُنہیں صحت کاملہ عطا فرمائے، آمین۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل طلعت حسین کے شدید علیل ہونے کی خبر سامنے آئی تھی۔

رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ اداکار علالت کے باعث وہیل چیئر استعمال کرنے پر مجبور ہیں اور اہل خانہ نے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں