پاکستانی فلم انڈسٹری کے نامور ہدایت کارو پروڈیوسر سید نور کا کہنا ہے کہ انہوں نے ترک ڈراما سیریل ’’ارطغرل غازی‘‘کی صرف دو اقساط دیکھنے کے بعد چھوڑدیا تھا کیونکہ انہیں یہ ڈراما اچھا نہیں لگا ۔
تفصیلات کے مطابق سید نور نے اس بات کا انکشاف ایک ٹی وی پروگرام میں اس سیریز سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کیا۔
میزبان نے سید نور سے پوچھا آپ نے ارطغرل دیکھا؟
جس پر سید نور نے کہا ارطغرل صاحب کی میں نے دو اقساط دیکھیں مجھے اچھا نہیں لگا اور میں نے اسے آگے دیکھا ہی نہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ میں نے یہ ڈراما ابھی نہیں بلکہ ایک سال پہلے نیٹ فلکس پر دیکھا تھا، چار گھوڑے ہیں ان کے پاس جو وہ بھگا رہے ہیں، اِدھر بھی اور اُدھر بھی۔
میزبان نے پوچھا سید نور صاحب اگر آپ کو موقع ملے کسی تاریخی کردار پر ڈراما یا فلم بنانے کا تو آپ کس پر بنائیں گے؟
اس پر سید نور نے جوا ب دیا کہ اگر میں تاریخی کردارپر فلم یاڈراما بناؤں گا تو محمد بن قاسم پر بناؤں گا اور برصغیر کا وہ دور دکھاؤں گا جب یہاں اسلام نہیں تھا اور کس طرح وہاں اسلام آیا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر معروف تُرک سیریز ’دیرلیش ارطغرل‘ کو سرکاری ٹی وی پر قومی زبان اردو میں ڈب کر کے نشر کیا جارہا ہے جسے پاکستان میں خوب پزیرائی بھی مل رہی ہے۔