چند روز قبل پاکستان کے نامور اداکار جبران سید جبران نے اعلان کیا تھا کہ وہ صبا قمر کے ساتھ فلم میں کام کرنے جارہے ہیں اور اس ہی فلم کے ساتھ سینما اسکرینز پر ڈیبیو کرتے نظر آئیں گے اور اب ایک اور ٹی وی اسٹار اس فلم کا حصہ بن گئے۔
زاہد احمد جو اپنے کیریئر میں کئی کامیاب ڈراموں کا حصہ بن چکے ہیں اب اس فلم میں صبا قمر اور سید جبران کے ہمراہ کام کریں گے۔
یاد رہے کہ زاہد احمد ماضی میں صبا قمر کے ہمراہ ایک ٹیلی فلم ‘دل دیاں گلاں’ میں کام کرچکے ہیں۔
ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے زاہد احمد نے انکشاف کیا کہ وہ اس فلم میں ایک پولیس افسر کے کردار میں نظر آئیں گے۔
اداکار کے مطابق اس فلم میں کام کرنے کی آفر انہیں پروڈیوسر، مصنف اور ہدایت کار نے دی تھی۔
مزید پڑھیں: ‘کملی’ کی ریلیز سے قبل ہی صبا قمر نے دوسری فلم سائن کرلی
خیال رہے کہ اب تک اس فلم کے نام کا اعلان نہیں کیا گیا، البتہ اس کی کہانی محسن علی نے تحریر کی جبکہ ثاقب خان اس فلم کی ہدایات دیں گے۔
فلم کو حسن ضیا اور جمیل بیگ پروڈیوس کررہے ہیں۔
زاہد احمد کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ‘اب تک اس فلم کی شوٹنگ کا آغاز نہیں ہوا، یہ ایک مزاحیہ فلم ہوگی اور امید ہے کہ شائقین کے ساتھ ساتھ تجزیہ کاروں کو بھی پسند آئے گی’۔
اداکار نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر بھی اس خبر کا اعلان کیا۔
انہوں نے انسٹاگرام پر جاری ایک پوسٹ میں لکھا کہ ‘یہ سچ ہے کہ میں اس فلم میں کام کرنے جارہا ہوں، بہت پرجوش ہوں اور سب سے زیادہ خوشی ہے کہ میں صبا قمر کے ہمراہ کام کروں گا’۔
یہ بھی پڑھیں: سید جبران اداکارہ صبا قمر کے ساتھ فلم ڈیبیو کرنے کو تیار
صبا قمر کو سراہتے ہوئے انہوں نے مزید لکھا کہ ‘صبا قمر بلاشبہ ہمارے ملک کی بہترین فنکارہ ہیں، میں محنت سے کام کرون گا’۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس فلم میں سہیل احمد اور نئیر اعجاز بھی کام کرتے نظر آئیں گے۔
اداکار نے امید ظاہر کی کہ فلم رواں سال عید الضحیٰ پر نمائش کے لیے پیش کردی جائے گی۔