سیاچن میں برفانی تودہ گرنے سے 4 بھارتی فوجیوں سمیت 6 افراد ہلاک


سری نگر: مقبوضہ کشمیر کے علاقے سیاچن میں برفانی تودہ گرنے سے 4 بھارتی فوجی اور 2 قلی ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سیاچن گلیشیئر میں 19 ہزار فٹ کی بلندی پر بھارتی فوج کی 8 افراد پر مشتمل پارٹی معمول کے گشت پر تھی کہ اس دوران اس پر برفانی تودے گرنے لگے جس کے نتیجے میں تمام افراد برف میں دب گئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور برف میں دبے اہلکاروں کو باہر نکال کر طبی امداد فراہم کی اور قریبی فوجی اسپتال منتقل کیا جہاں 8 میں سے 6 افراد ہائپوتھرمیا یعنی ٹھنڈ سے ہلاک ہوگئے جن میں 4 فوجی اور 2 قلی تھی جبکہ باقی دونوں افراد کی حالت بھی تشویش ناک ہے۔

سیاچن گلیشیئر ہمالیہ کے مشرقی قراقرم پہاڑی سلسلے میں واقع ہے جسے دنیا کا بلند ترین فوجی علاقہ قرار دیا جاتا ہے اور اس پر پاکستان اور بھارت کے درمیان کئی جھڑپیں بھی ہوچکی ہے۔ سردی کے موسم میں سیاچن میں برفانی تودوں کا گرنا معمول ہے اور درجہ حرارت منفی 60 ڈگری سے بھی گرجاتا ہے۔

اس علاقے میں گولی سے زیادہ ہلاکتیں موسم کی وجہ سے ہوتی ہیں اور دسمبر 2015 میں بھارتی وزیر داخلہ راؤ اندرجیت سنگھ نے لوک سبھا میں بتایا تھا کہ موسم کی وجہ سے بھارتی فوج کے 869 فوجی سیاچن میں ہلاک ہوچکے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں