سیاسی جوڑ توڑ کا سلسلہ جاری، سابق وفاقی وزیر حامد سعید کاظمی پیپلز پارٹی میں شامل

سیاسی جوڑ توڑ کا سلسلہ جاری، سابق وفاقی وزیر حامد سعید کاظمی پیپلز پارٹی میں شامل


انتخابات سے قبل سیاسی جوڑ توڑ کا سلسلہ جاری ہے اور سابق وفاقی وزیر اور معروف عالم دین حامد سعید کاظمی نے آصف زرداری سے ملاقات کے بعد پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی شیڈول جاری کرنے کے بعد گورنر ہاؤس پشاور میں سیاسی سرگرمیوں کا عمل تیز ہو گیا ہے اور مختلف سیاسی، سماجی اور مذہبی رہنماؤں کی جانب سے سیاسی جماعتوں میں شمولیت کا سلسلہ جاری ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری سے اسلام آباد کے زرداری ہاؤس میں پی پی پی بلوچستان کے رہنما جمال رئیسانی نے ملاقات کی۔

آصف علی زرداری سے جمال رئیسانی کی ملاقات کے موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما فرید رئیسانی بھی موجود تھے جہاں ان رہنماؤں نے بلوچستان کی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

اس کے علاوہ اسلام آباد میں ہی معروف عالم دین اور سابق وفاقی وزیر حامد سعید کاظمی نے سابق صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی اور پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔

ملاقات میں عالم دین احمد سعید کاظمی بھی موجود تھے اور انہوں نے بھی پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔

اس موقع پر نیئر بخاری، مخدوم احمد محمود اور عبدالقادر شاہین بھی موجود تھے۔

آصف علی زرداری نے حامد سعید کاظمی اور احمد سعید کاظمی کو دیگر رفقا سمیت پیپلز پارٹی میں شمولیت پر مبارک باد دی۔

یاد رہے کہ حامد سعید کاظمی اور دیگر پر سال 2010 میں حج انتظامات میں خورد بُرد، کرپشن اور قومی خزانے کو اربوں روپے نقصان پہنچانے کے الزامات تھے اور بدعنوانی کے الزام میں 30 مئی 2012 کو ان پر فرد جرم عائد کی گئی تھی۔

جون 2016 میں اسلام آباد کے اسپیشل جج سینٹرل ملک نذیر احمد نے حج کرپشن کیس میں جرم ثابت ہونے پر سابق وفاقی وزیر مذہبی امور حامد سعید کاظمی کو 16 سال قید کی سزا سنادی تھی۔

تاہم 20 مارچ 2017 کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وفاقی وزیر برائے مذہبی امور حامد سعید کاظمی، سابق ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) حج راؤ شکیل اور سابق جوائنٹ سیکریٹری راجا آفتاب کو حج کرپشن کیس میں باعزت بری کردیا تھا۔

دوسری جانب سابق صدر آصف علی زرداری کل ایک روزہ دورے پر تربت پہنچیں گے۔

آصف علی زرداری کی تربت آمد کے موقع پر اہم سیاسی شخصیات کا پیپلزپارٹی میں شمولیت کا امکان ہے جبکہ سابق صدر مملکت تربت میں واقع سرکٹ ہاؤس میں دوپہر دو بجے ورکرز کنونشن سے خطاب بھی کریں گے۔

گزشتہ روز آصف علی زرداری سے گورنر ہاؤس پشاور میں پیپلز پارٹی کے وفد اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنماؤں نے ملاقاتیں کی تھیں۔

گورنر ہاؤس خیبر پختونخوا میں پیپلز پارٹی کے وفد نے سابق صدر مملکت سے ملاقات کی، وفد میں پارٹی کے صوبائی صدر محمد علی شاہ اور پارٹی رہنما ضیااللہ آفریدی بھی موجود تھے۔

اس کے علاوہ ہفتہ کو ہی گورنر خیبر پختونخوا غلام علی کی قیادت میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے وفد نے بھی آصف زرداری سے ملاقات کی، اس موقع پر پشاور کے میئر زبیر علی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔


اپنا تبصرہ لکھیں