پاکستان کے 3 مرتبہ وزیراعظم رہنے والے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے نواسے جنید صفدر نے پاکستان منتقل ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے اصرار کیا ہے کہ وہ سیاسی سرگرمیوں میں حصہ نہیں لیں گے۔
آج سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر کی گئی اپنی ایک پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ وہ صرف اپنے والدین، خاندان اور برادری کی خدمت کے لیے پاکستان آئے ہیں۔
جنید صفدر نے کہا کہ میں کسی سیاسی سرگرمی میں حصہ نہیں لوں گا اور نہ ہی فی الوقت میری سیاست میں کوئی دلچسپی ہے۔
جنید صفدر نے مزید کہا کہ انہیں لاہور کی سردیاں بہت پسند ہیں اور وہ یہاں کے اس موسم کو بہت مس کر رہے تھے۔
جنید صفدر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کہ کئی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ جنید صفدر آئندہ عام انتخابات میں اپنی والدہ اور مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز کی مدد کریں گے۔
جنید صفدر اب تک عوامی سرگرمیوں سے دور رہے ہیں جب کہ وہ گزشتہ سال اپنی شادی کی شاندار تقریب کی وجہ سے ذرائع ابلاغ کی شہ سرخیوں میں رہے تھے۔
مریم نواز اور ان کے والد نواز شریف ایک ہفتے کے دورے پر جنیوا پہنچ گئے ہیں جہاں وزیر اعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کے زیر اہتمام ہونے والی ڈونرز کانفرنس میں شرکت کے لیے موجود ہوں گے اور عالمی برادری سے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے امداد کی اپیل کریں گے۔
قبل ازیں وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا تھا کہ مریم نواز جنوری کے تیسرے ہفتے میں پاکستان واپس آئیں گی۔
ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا تھا نے کہا جنوری کے تیسرے ہفتے میں پاکستان واپس واپس آکر مریم نواز چیف آرگنائزر کے طور پر اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔