وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے تمام سیاستدان کو جی ایچ کیو کے گیٹ نمبر 4 کی پیداوار قرار دے دیا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے قدرے جذباتی انداز میں کہا کہ ‘اس ملک میں تمام سیاستدان جی ایچ کیو کے گیٹ نمبر 4 کی پیداوار ہیں’۔
انہوں نے ازرائے تفنن کہا کہ ‘میں ایک دن لاہور کے تمام صحافیوں کو جی ایچ کیو کے گیٹ نمبر 4 سے داخل کرا کر گیٹ نمبر 8 سے باہر نکال دوں گا کیونکہ میں نہیں چاہتا کہ آپ لوگ ادھر قیام فرمائیں’۔
شیخ رشید نے کہا کہ ‘ذوالفقار علی بھٹو سے لے کر نواز شریف تک تمام سیاستدان مارشل لا کی نرسری کی پیداوار ہیں، ابھی میں ساری قوم سے کہنا چاہتا ہوں کہ ذوالفقار بھٹو کو بھٹو بنانے والی نصرت بھٹو تھیں’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘فوج نے تین مرتبہ آئین اور جمہوریت کو ٹوٹنے سے بچایا’۔
‘پاک فوج وہ پرانی والی فوج نہیں’
ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر برائے ریلوے نے کہا کہ بعض لوگ وزیراعظم عمران خان اور اداروں کے مابین تصادم چاہتے ہیں لیکن ‘آج کی عظیم پاک فوج وہ پرانی فوج نہیں ہے’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘وہ (فوج) جمہوریت کو ملکی ترقی کے لیے لازم و ملزوم سمجھتی ہے۔
انہوں نے اقرار کیا کہ ‘بے شک جمہوریت سے مسائل اس طرح حل نہیں ہوئے جس طرح ہونے چاہیے تھے’۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا عدلیہ کی طرح پاک فوج بھی اہم ستون ہے اور یہ دونوں ستون آپس میں نہیں ٹکرائیں گے۔
شیخ رشید نے کہا کہ ‘نئے چیف جسٹس کی حلف برداری کے بعد حالات بہتر ہوں گے اور پاکستان آگے بڑھے گا۔
‘کرپشن غداری کے مترادف ہے’
وفاقی وزیر شیخ رشید نے سابق چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کا حوالہ دے کر کہا کہ انہوں نے کرپشن کو ملک کی تباہی کا ذمہ ٹھہرایا جب کہ میں کہتا ہوں کہ کرپشن غداری کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرپٹ معاشرہ اور سیاستدان غریب کو سوکھی روٹی اور چھت نہیں دے سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں یقین دلاتا ہوں کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں مسائل کو حل کریں گے اور ملک ترقی کرے گا۔
‘شہباز شریف کبھی مشرف کے خلاف بات نہیں کریں گے’
شیخ رشید نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے متعلق کہا کہ ‘وہ میری پارٹی کا آدمی ہے کبھی مشرف کے خلاف زبان نہیں کھولے گا، نہیں کھولے گا’۔
انہوں نے کہا کہ ‘وہ وکٹ کے دونوں طرف کھیلتا ہے، دونوں طرف کھیلے گا، پہلے بھی نواز شریف کو سعودی عرب سے وہ ہی لے کر آئے اور اب بھی لندن وہ لے کر گئے’۔
علاوہ ازیں وزیر ریلوے نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کوالالمپور میں منعقد اجلاس میں پاکستان کی عدم شرکت سے متعلق فیصلہ ملک کے وسیع تر مفاد میں کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘وزیراعظم عمران خان ذاتی مفاد کے لیے کوالالمپور سمٹ سے پیچھے نہیں ہٹے’۔
انہوں نے کہا کہ ‘عمران خان کی پوری کوشش ہے کہ امت مسلمہ ایک زبان ہو کر مقبوضہ کشمیر سمیت مسلمانوں کے جملہ مسائل پر یکساں موقف اختیار کرے’۔
ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ ‘میں پرویز مشرف کو غدار نہیں بلکہ محب وطن پاکستانی سمجھتا ہوں’۔
انہوں نے کہا کہ جس شخص نے 40 برس ملک کی خدمت کی اور اس کے مقابلے میں کرپٹ اور منی لانڈرنگ کرنے والے بیانات جاری کرتے ہیں، انہیں شرم نہیں آتی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں کوئی ثابت کرے پرویز مشرف نے ایک پیسے کی منی لانڈرنگ یا کرپشن کی ہو۔
علاوہ ازیں ان کا کہنا تھا کہ خورشید شاہ کی احتساب عدالت سکھر سے ضمانت سوالیہ نشان ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر آصف علی زرداری اور بلال بھٹو نے پلی بارگین نہیں کی تو مریم نواز کی طرح سیاست سے بے دخل ہوجائیں گے۔
شیخ رشید نے ایم ایل ون کو سی پیک کا اہم ترین منصوبہ قرار دے دیتے ہوئے کہا کہ ایم ایل ون کے افتتاح کے لیے چین سے بڑی شخصیت آئیں گئیں۔