سیاحت اُجاگر کرنے کیلئے ٹک ٹاک پر ’گھومو پاکستان‘ مہم 2.3 ارب ویوز حاصل کرنے میں کامیاب

سیاحت اُجاگر کرنے کیلئے ٹک ٹاک پر ’گھومو پاکستان‘ مہم 2.3 ارب ویوز حاصل کرنے میں کامیاب


ٹک ٹاک کا ’#گھومو پاکستان‘ اقدام، جو پاکستان کے پوشیدہ خزانوں، بھرپور ثقافت اور شاندار مناظر کی نمائش کے لیے شروع کیا گیا تھا شاندار کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا، جس نے 2 ماہ جاری رہنے والی مہم کے دوران 2 ارب 30 کروڑ ویڈیو ویوز حاصل کیے ہیں۔

یہ مہم پاکستان کے تمام صوبوں کے سفری تجربات کو اجاگر کرتے ہوئے سامعین کو دلچسپ مواد کے ذریعے مسحور کرنے میں کامیاب ہوئی، یہ مہم آج سیاحت کے عالمی دن پر اختتام پذیر ہوئی، ٹک ٹاک نے نہ صرف غیر معمولی انگیجمنٹ حاصل کی بلکہ پاکستان کو عالمی سیاحوں کے لیے بطور جاذب نظر مقام دکھانے میں بھی اپنا کردار ادا کیا۔

ٹک ٹاک کی ’#گھومو پاکستان‘ (GhoomoPakistan#) مہم کے آغاز کا مقصد ذمہ دارانہ سیاحت کو فروغ دینا اور ان خدشات کو دور کرنا ہے جن سے پاکستان کی بطور سیاحتی مرکز صلاحیت ماند پڑ گئی تھی، اس کا بنیادی مقصد کم شہرت یافتہ سفری مقامات کو سامنے لانا اور پاکستان کی متنوع خوبصورتی، تاریخ، ثقافت اور فن کو نمایاں کرنا تھا۔

ٹک ٹاک نے مقامی ٹیلنٹ میں موجود صلاحیتوں کو پہچانتے ہوئے 4 نمایاں کانٹینٹ کریئیٹرز کے ساتھ شراکت داری کر کے انہیں پاکستان کے حسین خطوں کو دریافت کرنے کا موقع فراہم کیا۔

رانا حمزہ سیف کا سفر اسلام آباد، اسکردو اور ہنزہ پر مشتمل رہا، زینتھ، جن کی شہرت ’موٹر بائیک گرل‘ کے نام سے بھی ہے، نے اسلام آباد، وادی نیلم اور ارنگ کیل کا سفر کیا، دوسری جانب زرنب شاستری اور مناہل ملک نے سوات، مالم جبہ اور کالام کی خوبصورتی کو اُجاگر کیا، ان کانٹنٹ کریئیٹرز نے مختلف خطوں سے منفرد کہانیوں کے دلکش مناظر کی تصویر کشی کرکے اُنہیں جلا بخشی۔

مزید برآں ٹک ٹاک نے 15 سے زیادہ مقامی ٹریول کانٹینٹ کریئیٹرز کے ساتھ شراکت داری کی اور 100 سے زیادہ کریئیٹرز ویڈیوز پیش کیں جنہوں نے بتایا کہ پاکستان ایک سیاحتی مقام کے طور پر کیا عجائب پیش کرسکتا ہے۔

یہ کانٹینٹ کریئیٹرز پاکستان کے تمام صوبوں کا سفر کرتے ہوئے نئے راستوں، غیر دریافت شدہ خزانوں، مقامی پکوان اور مقامی لوگوں کی دل لبھانے والی کہانیوں کو سامنے لائے۔

مہم کے حصے کے طور پر ٹک ٹاک نے پلیٹ فارم پر ’#گھومو پاکستان‘ ٹریول ہب متعارف کرایا جس میں قدرتی راستوں کی تفصیلات، سفری تجاویز، ہوٹل کی تجاویز اور پاکستانی کھانوں پر مشتمل ایک خصوصی سیکشن شامل تھا، یہ ہب ملک کے پوشیدہ جواہرات کی کھوج کرنے والے مسافروں کے لیے ایک جامع مقام ثابت ہوا ہے۔

ٹک ٹاک پاکستان کے کانٹنٹ آپریشنز اور مارکیٹنگ کے سربراہ سیف مجاہد نے کہا کہ ٹک ٹاک پاکستان میں مختلف کیٹیگریز پر مبنی کانٹینٹ کے ساتھ تفریح کا مرکز بن گیا ہے، سیاحت و سیر ایک بہت ہی مقبول ورٹیکل ہے اور ہم اپنی ’#گھومو پاکستان‘ مہم کے اثرات دیکھ کر مزید پرجوش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان میں اپنی ٹک ٹاک کمیونٹی کے ساتھ پاکستان کے تنوع اور خوبصورت مناظر کی خوشیاں بانٹی، مزید برآں اس مہم نے ذمہ دارانہ سیاحت، پاکیزگی، مقامی ثقافتی اقدار کے احترام، ماحولیات کے تحفظ اور مقامی کمیونٹیز کی افزودگی میں پائیدار سیاحت کے کردار کو بھی اجاگر کیا۔


اپنا تبصرہ لکھیں