سکھر میں آوارہ کتوں نے اسکول جانے والے 4 بچوں کو کاٹ لیا

سکھر میں آوارہ کتوں نے اسکول جانے والے 4 بچوں کو کاٹ لیا


سندھ کے مختلف شہروں میں کتے کے کاٹنے کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور سکھر میں آوارہ کتوں نے پرائمری اسکول کے 4 طالب علموں کو کاٹ لیا۔

سکھر  کے علاقے کندھرا میں اسکول جانے والے بچوں پر آوارہ کتوں نے حملہ کر دیا جس سے چار بچے زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق زخمی بچوں کو ویکسنیشن کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جن کی عمریں 6 سے 9 سال کے درمیان ہیں۔

خیال رہے کہ رواں ماہ تھر پارکر کے علاقے چھاچھرو کے گاؤں واوڑی میں بھی اسکول جانے والے بچوں پر آوارہ کتوں نے حملہ کیا تھا جس سے  11 بچے زخمی ہوئے تھے۔

جب کہ کندھ کوٹ میں بھی آوارہ کتوں کی بھرمار ہے، گزشتہ دنوں کتوں کےحملوں میں زخمی 3 طالب علموں سمیت 9 افراد کو سول اسپتال لایا گیا تھا۔

واضح رہے کہ سندھ کے مختلف شہروں میں کتے کے کاٹنے کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے اور سال 2019 میں اب تک صوبے میں سگ گزیدگی سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 20 ہوچکی ہے۔

صوبے میں سگ گزیدگی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر سندھ حکومت کی جانب سے گذشتہ ماہ کتا پکڑو مہم بھی شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم اس کے خاطر خواہ اثرات سامنے نہیں آسکے۔


اپنا تبصرہ لکھیں