کراچی:
روس کے یوکرین پر حملے کے نتیجے میں سونے کی عالمی اور مقامی قیمت میں بڑا اضافہ ہوگیا۔یوکرین پر روسی حملے کے بعد عالمی سطح پر سونے سمیت دیگر اہم کموڈٹیز کی قیمتوں میں تیز رفتاری کے ساتھ اضافے کا رجحان غالب ہوگیا اور بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت یک دم 77 ڈالر کے اضافے سے 1972 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی۔
عالمی مارکیٹ کے بعد مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونے کی قیمت بڑھ گئی، جمعرات کو فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 3400 روپے اور 2915 روپے کا ریکارڈ اضافہ کیا گیا۔
نتیجے میں ملک کے مختلف شہروں میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر ایک لاکھ 30 ہزار 300 اور فی 10 گرام قیمت بڑھ کر ایک لاکھ 11 ہزار 711 روپے ہوگئی۔
اسی طرح فی تولہ چاندی کی قیمت 30 روپے کے اضافے سے 149 0روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت 25.72 روپے کے اضافے سے 1277.43 روپے ہوگئی۔