سونے کی قیمت فی تولہ ایک لاکھ 62 ہزار 500 کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی

سونے کی قیمت فی تولہ ایک لاکھ 62 ہزار 500 کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی


سونے کی قیمت 10 ہزار روپے اضافہ ہونے کے بعد ایک لاکھ 62 ہزار 500 روپے فی تولہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی جو کہ ایک دن میں ریکارڈ اضافہ ہے۔

پاکستان میں تازہ اضافے کے بعد 10 گرام سونے کی قیمت ایک لاکھ 39 ہزار 318 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

کراچی صراف اینڈ جیولرز گروپ کے صدر حاجی ہارون رشید چاند نے ایک بیان میں مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں اضافے کو اس کی بین الاقوامی قیمت میں اضافے سے جوڑ دیا۔

انہوں نے کہا کہ جمعرات کو عالمی منڈی میں دھات کی قیمت 31 ڈالر فی اونس اضافے سے 1721 ڈالر تک پہنچ گئی ہے، جس کے اثرات یہاں بھی ہوں گے۔

حاجی ہارون رشید چاند نے آنے والے دنوں میں سونے کی قیمتوں میں مزید اضافے سے بھی خبردار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے ہم پر 40 ہزار روپے کا فکسڈ ٹیکس عائد کیا گیا ہے مگر ہم یہ ٹیکس ادا نہیں کریں گے کیونکہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کی وجہ سے ہم اتنا ٹیکس برداشت نہیں کر سکتے۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مقررہ ٹیکس واپس لیا جائے اور بڑھتی ہوئی قیمت کے پیش نظر تاجروں سے بات چیت کرے کیونکہ قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے عوام کی قوت خرید میں بڑے پیمانے پر کمی آئی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں