کراچی: اداکار ہمایوں سعید، عائزہ خان اورعدنان صدیقی کے ڈرامے’’میرے پاس تم ہو‘‘ نے سوشل میڈیا پر دھوم مچائی ہوئی ہے اور لوگ ڈرامے میں فنکاروں کی بہترین پرفارمنس کی دل کھول کر داد رہے ہیں۔
اداکار ہمایوں سعید، عائزہ خان اورعدنان صدیقی کا نجی ٹی وی چینل پر نشر ہونے والا ڈراما ’’میرے پاس تم ہو‘‘اپنی پہلی ہی قسط سے پاکستانیوں کا پسندیدہ ڈراما بناہوا ہے۔ تاہم اس ڈرامے کی گزشتہ روز نشر ہونے والی بارہویں قسط نے تو پورے سوشل میڈیا پر دھوم مچادی ہے۔
ڈراما سیریل’’میرے پاس تم ہو‘‘ کی کہانی ایک شادی شدہ جوڑے کے گرد گھومتی ہے جن کی ہنستی بستی خوشحال چھوٹی سی جنت پیسے کی لالچ کے باعث جہنم بن جاتی ہے۔ اس ڈرامے کی کہانی پاکستان کے معروف مصنف و ہدایت کار خلیل الرحمان قمر نے تحریر کی ہے۔
ڈرامے میں ہمایوں سعید نے متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے شخص دانش کا کردار نبھایا ہے جو اپنی بیوی مہوش (عائزہ خان) سے بے حد محبت کرتا ہے۔ عائزہ خان کو ڈرامے میں ایک دھوکا دینے والی، بے وفا عورت کے روپ میں دکھایاگیا ہے جو پیسوں کے لیے اپنے گھر کو اپنے ہاتھوں سے برباد کردیتی ہے۔ جب کہ ڈرامے میں عدنان صدیقی نے ایک بزنس مین شہوار کا کردار نبھایا ہے۔
ڈرامے کی کہانی ویسے تو سادہ سی ہے لیکن ڈرامے میں ہمایوں سعید اور عائزہ خان کی پرفارمنس اوربہترین ڈائیلاگ ڈیلیوری نے اس ڈرامے کو پاکستان کا مقبول ترین ڈراما بنادیا ہے۔ گزشتہ روز ڈرامے کی بارہویں قسط پیش کی گئی جس میں دکھایا گیا ہے کہ عائزہ اپنے شوہر کو چھوڑ کر عدنان صدیقی کے ساتھ چلی جاتی ہیں اور اس موقع پر ایک باوفا شوہر کی حالت کیا ہوتی ہے اسے ہمایوں سعید نے بخوبی پیش کیا ہے۔
گزشتہ روز نشر ہونے والی قسط کے ایک ڈائیلاگ نے پورے سوشل میڈیا پر دھوم مچارکھی ہے جس میں ہمایوں سعید عدنان صدیقی کو کہہ رہے ہیں’’دیکھنے سننے میں بڑے ذہین بزنس میں لگتے ہیں شہوار صاحب لیکن یہاں بھاؤ (سودے بازی ) کرتے ہوئے آپ نے مجھے حیران کردیا، اس دو ٹکے کی لڑکی کے لیے آپ مجھے 50 ملین دے رہے تھے۔ ‘‘
اس سین میں عائزہ خان اورہمایوں سعید کی پرفارمنس کی بے حد تعریف کی جارہی ہے اورلوگ سوشل میڈیا پراتنے عمدہ ڈائیلاگز لکھنے پر داد دیتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ اسے آسکر ملنا چاہیئے۔