کراچی: سوشل میڈیا پر اداکاربابر علی کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں وہ اور ان کی بیٹی مختلف دھنوں پر اداکاری کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
فلم’’جیوا‘‘، ’’منڈا بگڑا جائے‘‘ اور’’چور مچائے شور‘‘ جیسی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے نامور پاکستانی اداکار بابر علی کافی عرصے سے فلموں سے دور ہیں۔ ایک وقت تھا جب بابر علی کا طوطی بولتا تھا۔
تاہم بابرعلی کافی عرصے سے شوبز سے دور ہیں لیکن اب ان کی بیٹی کے ساتھ ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں بابر علی اور ان کی بیٹی مختلف دھنوں پر اداکاری کرتے نظر آرہے ہیں۔ بابرعلی کے چاہنے والے سوشل میڈیا پر باپ بیٹی کے اس خوبصورت رشتے کو خوب سراہ رہے ہیں جب کہ بہت سے صارفین تو بابرعلی کی بیٹی کی اداکاری اور چہرے کے تاثرات دیکھ کر حیران ہیں اور انہیں مستقبل کی اداکارہ قرار دے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اداکاربابرعلی کا ایک بیٹا اوردو بیٹیاں ہیں۔ گزشتہ برس بابر علی سے متعلق یہ خبر منظر عام پر آئی تھی کہ انہیں نامعلوم افراد کی جانب سے دھمکی آمیز کالز موصول ہورہی ہیں جس کی وجہ سے وہ پاکستان چھوڑ کر امریکا چلے گئے تھے۔