پاکستانی اداکارہ شہروز سبزواری اور ان کی اہلیہ سائرہ شہروز میں علیحدگی کی خبریں گزشتہ چند دن سے سوشل میڈیا اور ملکی میڈیا پر چل رہی تھیں۔
ابتدائی طور پر اگرچہ ان خبروں کو افواہ قرار دیا جا رہا تھا، تاہم بعد ازاں خود شہروز سبزواری نے اہلیہ سے علیحدگی کی تصدیق کی تھی۔
شہروز سبزواری نے اہلیہ سے علحیدگی کی تصدیق کرتے ہوئے ان الزامات کو بھی مسترد کیا تھا کہ ان کے تعلقات ماڈل صدف کنول سے ہیں۔
شہروز سبزواری نے اس بات کی بھی تصدیق کی تھی کہ ان دونوں کے درمیان خلع یا طلاق نہیں ہوئی، البتہ وہ 6 ماہ سے الگ رہ رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: شہروز سبزواری کی سائرہ سے علیحدگی کی تصدیق
دونوں کی علیحدگی کو لے کر ملکی میڈیا و سوشل میڈیا پر کافی چہ مگوئیاں ہوئیں جن پر جہاں شہروز سبزواری ناراض دکھائی دیے اب وہیں اداکارہ و ماڈل انوشے اشرف نے بھی برہمی کا اظہار کیا ہے۔
انوشے اشرف نے اپنی ایک انسٹاگرام پوسٹ میں سائرہ اور شہروز سبزواری کی علیحدگی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ لوگوں کو سوچنا چاہیے کہ بطور فنکار ایسی ویسی خبروں سے ان کا دل دکھ سکتا ہے۔
انوشے اشرف نے اپنی پوسٹ میں سائرہ شہروز کی تصویر شیئر کرتے ہوئے سوشل میڈیا صارفین سے مطالبہ کیا کہ وہ شہروز اور سائرہ سے معافی مانگیں۔
مزید پڑھیں: میری اور میرے خاندان کی عزت کو سڑک پر لایا جارہا ہے، شہروز
ماڈل کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا صارفین کو یہ بات ذہن میں رکھنی چاہیے کہ ہر کسی کی اپنی ذاتی زندگی بھی ہوتی ہے اور ہر کسی کے بچے اور دیگر اہل خانہ بھی ہوتے ہیں جو ایسی خبروں پر مختلف رد عمل کر سکتے ہیں۔
ماڈل انوشے اشرف نے لکھا کہ بطور فنکار انہیں اندازہ ہے کہ ان کی زندگی ذاتی نہیں اور وہ ایک عوامی شخصیت ہیں تاہم پھر بھی ہر کسی کی ذاتی زندگی ہوتی ہے اور اس کی ذاتی زندگی کا خیال رکھا جانا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: شہروز اور سائرہ کی طلاق نہیں ہوئی، بہروز سبزواری
انوشے اشرف نے مزید لکھا کہ میڈیا اور سوشل میڈیا کی جھوٹی خبریں، افواہیں اور مفروضے کسی بھی فنکار کی ذہنی صحت پر اثر انداز ہوسکتی ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ عام لوگوں سمیت میڈیا بھی اس بات کو نہیں سمجھتا کہ جھوٹی خبریں کسی کی زندگی پر اثر انداز ہوسکتی ہیں۔
ماڈل نے اپنی پوسٹ میں سائرہ اور شہروز سبزواری سے ہمدردی کا اظہار بھی کیا اور ساتھ ہی امید ظاہر کی کہ انہیں توقع ہے کہ وہ دونوں اپنی پسند کے مطابق بہتر فیصلہ کریں گے۔