بالی ووڈ کے سینئر اداکار سنی دیول کی فلم ’غدر 2‘ کی کارکردگی ریلیز کے پہلے روز سے ہی باکس آفس پر بہت شاندار ہے۔
تھیٹرز میں ٹکٹوں کی خریداری کے لیے لمبی لائنیں اور اب تک باکس آفس پر ہونے والی فلم کا بزنس صاف یہ ظاہر کرتا ہےکہ فلم کو عوام نے بہت پسند کیا ہے۔
سنی دیول سے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران یہ سوال کیا گیا کہ’آپ کو اس فلم کا سیکوئل بناتے ہوئے اس کی کامیابی کے بارے میں بے یقینی نہیں تھی کیونکہ جب فلم ’غدر‘ ریلیز ہوئی تھی اس وقت کے فلمی شائقین اور آج کے فلمی شائقین بہت مختلف ہیں؟
اُنہوں نے اس سوال کے جواب میں کہا کہ ہم ایسے نہیں سوچتے، جب ہم نے یہ فیصلہ کرلیا کہ یہ کام کرنا ہے تو کرنا ہے، 22 سال تک میدان خالی تھا کوئی ایسی فلم نہیں بنا رہا تو ہم آئے اور ہم نے اپنا کام کردیا۔
اُنہوں نے بتایا کہ جب میں فلم کی کہانی سنی تو میں تھوڑا سا ڈر گیا تھا کیونکہ فلم’غدر‘ بہت اعلیٰ معیار کی فلم تھی اور یہی وجہ تھی کہ سیکوئل کو اصل فلم کے معیار کا بنانا تھوڑا مشکل کام تھا لیکن ہم نے کرلیا۔
سنی دیول نے لفظ’ بالی ووڈ‘ کے استعمال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب سے پہلے ہندی فلم انڈسٹری ہیں اور ہمیں اس بات پر فخر ہونا چاہیئے کہ ہم کسی سے کمتر نہیں ہیں‘۔
اس فلم میں سنی دیول کے علاوہ امیشا پٹیل اور اتکرش شرما نے بھی اہم کردار ادا کیے ہیں۔