پاکستانی معروف اداکارہ و فیشن ماڈل سنیتا مارشل نے حج اور عمرے کے دوران موبائل کا بے تحاشہ استعمال کرنے والوں پر تنقید کی ہے۔
گزشتہ روز شوبز انڈسٹری کے معروف فنکار جوڑے، حسن احمد اور سنیتا مارشل نے نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں شرکت کی۔
اس دوران دونوں فنکاروں نے اپنی نجی، پیشہ ورانہ زندگی و دیگر موضوعات پر اپنی اپنی رائے کا اظہار کیا اور دلچسپ سوالات کے جواب دیے۔
شو کے دوران اداکار حسن احمد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ایسا لگتا ہے کہ ہمیں سوشل میڈیا استعمال کرنے کی تمیز نہیں ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ میں سوشل میڈیا بہت محتاط انداز میں استعمال کرتا ہوں، کسی کی وفات ہو جائے تو اُس کے ساتھ فوراً تصویر شیئر کرنے سے گریز کرتا ہوں کہ کہیں کسی کےجذبات نہ مجروح ہو جائیں۔
حسن احمد کا مزید کہنا ہے کہ ہمارے عوام کو سوشل میڈیا استعمال کرنے کی بالکل بھی تمیز نہیں، عوام کچھ بھی اپلوڈ کر کے سوچتی ہے ’تو کیا ہوا‘۔
اس پر سنیتا مارشل نے حسن احمد کی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ مجھے تو اس بات پر بہت افسوس ہوتا ہے کہ جب لوگ حج اور عمرہ کرنے جاتے ہیں تو بار بار اپنی ویڈیوز اور تصویریں اپلوڈ کرتے رہتے ہیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ چلو ایک تصویر دو تصویر آپ دعا مانگتے ہوئے لگا دیں مگر لوگ بہت زیادہ اور ہر ایک چیز کی تصویریں اور ویڈیوز بناتے ہیں اور اپلوڈ کرتے ہیں۔