سنیتا مارشل نے ماڈل بننے سے قبل کتنے شعبے آزمائے ؟

سنیتا مارشل نے ماڈل بننے سے قبل کتنے شعبے آزمائے ؟


پاکستانی معروف اداکارہ و ماڈل سنیتا مارشل نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اداکاری کے شعبے میں آنے سے قبل متعدد شعبے آزما چکی تھیں۔

جیو انٹرٹینمنٹ کے ڈرامہ سیریل ’خدا اور محبت2‘ میں اقراء عزیز کی بھابی کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ سنیتا مارشل نے گزشتہ شب جیو نیوز کے مزاحیہ شو ‘ہنسنا منع ہے‘ میں شرکت کی۔

شو کے دوران اداکارہ نے پوچھے جانے والے متعدد دلچسپ سوالات کے جواب دیئے۔

اس دوران اداکارہ کا ایک سوال کے جواب میں بتانا تھا کہ انہوں نے آج تک اس لیے فلم نہیں کی کیوں کہ جب اُنہیں فلموں میں کردار آفر ہو رہے تھے اُس وقت صرف پنجابی فلمیں ہی بنتی تھیں، اس لیے انہوں نے آج تک کوئی فلم نہیں کی۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگر آج اُنہیں فلم میں اچھا کردار آفر ہو تو وہ فلموں میں کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔

سنیتا مارشل نے شو کے دوران میزبان تابش ہاشمی کو ماڈلنگ سے متعلق ٹپس بھی دیں۔

سنیتا مارشل کا بتانا تھا کہ اُنہیں کالج کے زمانے میں پہلا اشتہار ملا تھا، یہ اشتہار ایک شیمپو کا تھا، اشتہار میں کام کرنے کے بعد انہوں نے کالج جانا چھوڑ دیا تھا کہ کیوں کہ اُنہیں لڑکے بہت تنگ کرتے تھے۔

اداکارہ کا اپنی پیشہ ورانہ زندگی سے متعلق بات کرتے ہوئے بتانا تھا کہ وہ جَلد ایک منفی اور منفرد کردار میں نظر آئیں گی۔

شو کے دوران تابش ہاشمی کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں اداکارہ سنیتا مارشل نے بتایا کہ انہیں بچپن میں ٹیچر بننے کا شوق تھا، پھر انہوں نے کاروبار کرنے کا بھی سوچا، جب ملازمت کرنے کی ضرورت پڑی تو انہوں نے ایئر ہوسٹنگ کے شعبے میں بھی قسمت آزمائی اور سلکیٹ بھی ہو گئی تھیں۔

بعد ازاں انہوں نے ماڈلنگ کو بطور کریئر چنا اور اداکارہ بن گئیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں