ایچ ایم ڈی گلوبل نے طاقتور بیٹری سے لیس نوکیا کا نیا اسمارٹ فون متعارف کرا دیا ہے۔
نوکیا جی 21 کمپنی کے جی 20 فون کا اپ ڈیٹ ورژن ہے جس کی بیٹری، اسکرین اور کیمرا سیٹ اپ کو بہتر بنایا گیا ہے۔
نوکیا جی 21 میں 5050 ایم اے ایچ بیٹری ہے اور کمپنی کا دعویٰ ہے کہ ایک چارج پر یہ فون 3 دن تک کام کرسکتا ہے۔
اس مقصد کے لیے فون کے پاور سیونگ موڈز کو بہتر بنایا گیا اور اس کے فرسٹ لیول پر 20 فیصد بیٹری سیونگ ممکن ہے جبکہ سیکنڈ لیول پر 10 فیصد پاور سیونگ کی جاسکے گی۔
اس نئے ماڈل میں بیٹری کے ساتھ 18 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ فراہم کی گئی ہے مگر باکس میں 10 واٹ اڈاپٹر ہی دستیاب ہوگا۔
یہ نیا فون گزشتہ ماڈل کے مقابلے میں 5 فیصد زیادہ پتلا ہے۔
جی 21 میں دوسری بڑی اپ گریڈ اسکرین میں زیادہ بہتر ریفریش ریٹ ہے اور اس کے 6.5 انچ کے ایل سی ڈی ڈسپلے کے ساتھ 90 ہرٹز ریفریش ریٹ دیا گیا ہے جو جی سیریز میں پہلی بار ہے۔
مگر بیٹری لائف 3 دن کرنے کے لیے ڈسپلے کے لیے اڈاپٹو موڈ کو ان ایبل کرنا ہوگا جس کے باعث ضرورت نہ ہونے پر ریفریش ریٹ 90 کی بجائے 60 ہرٹز ہوجائے گا، تاکہ بیٹری پاور بچانا ممکن ہو۔
فون کے اندر یونی ایس او سی ٹی 606 پراسیسر موجود ہے جبکہ کیٹ 4 ایل ٹی ای موڈیم دیا گیا ہے، یعنی 4 جی فون ہے۔
جی 21 میں 4 جی بی ریم اور 64 سے 128 جی بی اسٹوریج کے آپشن دستیاب ہوں گے جبکہ اسٹوریج میں مائیکرو ایس ڈی کارڈؑ سے مزید اضافہ بھی کیا جاسکتا ہے۔
فون میں اینڈرائیڈ 11 آپریٹنگ سسٹم موجود ہے مگر اسے اینڈرائیڈ 12 سے اپ ڈیٹ کردیا جائے گا۔
فنگرپرنٹ اسکینر سائیڈ پر موجود ہے جبکہ فیس ان لاک کو بھی بہتر بنایا گیا ہے اور اب وہ ماسک کے ساتھ بھی آپ کو شناخت کرکے ڈیوائس ان لاک کردے گا۔
فون کے بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ ہے جس کا مین کیمرا 50 میگا پکسل کا ہے جس کے ساتھ 2 میگا پکسل میکرو اور 2 میگا پکسل ڈیپتھ کیمرے موجود ہیں۔
کمپنی کی جانب سے دستیابی کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا مگر یہ ضرور بتایا کہ جی 21 جلد 170 یورو (33 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کیا جائے گا۔