سندھ ہاؤس حملہ کیس: تحریک انصاف کے 2 اراکین قومی اسمبلی گرفتار

سندھ ہاؤس حملہ کیس: تحریک انصاف کے 2 اراکین قومی اسمبلی گرفتار


سندھ ہاؤس حملہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 2 اراکین قومی اسمبلی کو ضمانت منسوخ ہونے پر احاطہ عدالت سے گرفتار کرلیا گیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس طارق محمود جہانگیری نے سندھ ہاؤس پر کیے گئے حملے سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

درخواست گزار جمال مندوخیل کی جانب سے وکیل راجا نذیر پیش ہوئے اور عدالت سے ملزمان کی ضمانت منسوخ کرنے کی استدعا کی۔

دریں اثنا ملزمان کی جانب سے پیش ہونے والے وکیل فیصل صدیقی ایڈووکیٹ نے ملزمان کے حق میں دلائل دیے، دلائل سننے کے بعد عدالت نے پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی عطااللہ اور فہیم خان کی عبوری ضمانت منسوخ کردی۔

عدالت کی جانب سے ضمانت منسوخ کیے جانے کے بعد پولیس نے پی ٹی آئی کے دونوں اراکین اسمبلی کو کمرہ عدالت کے باہر سے گرفتار کرلیا۔

پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی عطااللہ، فہیم خان سمیت مقدمے میں نامزد یوتھ ونگ کے رہنما کو کل جسمانی ریمانڈ کے لیے سیشن کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ 19 اپریل کو اسلام آباد میں تحریک انصاف کے کارکنان گیٹ توڑ کر سندھ ہاؤس میں داخل ہوگئے تھے، جس کے بعد پولیس نے پی ٹی آئی کے ایم این ایز فہیم خان اور عطااللہ نیازی سمیت متعدد کارکنوں کو گرفتار کر لیا تھا۔

پی ٹی آئی کے کارکن منحرف اراکین قومی اسمبلی سے فوری طور پر مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے سندھ ہاؤس پہنچے تھے اور ہاتھوں میں لوٹے اٹھائے ہوئے مرکزی دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوگئے تھے۔

پی ٹی آئی کے ایم این اے فہیم خان اور عطااللہ نیازی کی قیادت میں کارکن سندھ ہاؤس کے قریب احتجاج کر رہے تھے۔

وفاقی دارالحکومت کی پولیس نے پی ٹی آئی کے گرفتار کارکنان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا تھا۔

مقدمے میں چادر وچاردیواری کی خلاف ورزی، بلوا اور حملہ کرنے اور دفعہ 144کی خلاف ورزی کی دفعات شامل کی گئی تھیں۔

اسلام آباد پولیس نے 13 کارکنان کو گرفتار کیا تھا اور کسی کارکن کو تاحال رہا نہیں کیا گیا جبکہ میڈیا رپورٹس کے مطابق گرفتار دونوں ایم این ایز کو شخصی ضمانت پر رہا کردیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ یہ حملہ 18 اپریل کو اس وقت کی حکمران جماعت کے 4 منحرف اراکین کے میڈیا کے سامنے آنے کے بعد سامنے آیا تھا ،اس وقت یہ اراکین سندھ ہاؤس میں موجود تھے۔

اس دوران راجا ریاض نے کہا تھا کہ ہمارے ساتھ 24 اراکین ہیں جو اپنے ضمیر کے مطابق ووٹ دیں گے۔


اپنا تبصرہ لکھیں