وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گزشتہ روز سندھ کی اپوزیشن جماعتوں کے وفد کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات پر تنقید کی ہے۔
کراچی میں 2 انڈرپاسز، 2 فلائی اوورز اور 3 سڑکوں کے میگا پروجیکٹس کی افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ کا اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھاکہ گزشتہ روز کچھ مایوس لوگ اسلام آباد گئے جہاں انہیں ایک گھبرائے ہوئے شخص نےکہا کہ گبھرانا نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مایوس لوگوں نے کہا کہ کام نہیں ہوتا، مایوس لوگوں کی مایوسی بڑھانے کے لیے یہ پروگرام کافی ہے، سن رہے ہوں گے مایوس لوگ کہ یہ کیا ہورہا ہے، وہ لوگ ہمیں کام کرتے دیکھ کر مایوس ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان سے صوبہ سندھ سے اتحادی جماعتوں کے ارکان کے وفد نے ملاقات کی تھی جس کی سربراہی گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کی۔
ذرائع نے بتایا تھا کہ ملاقات میں تحریک انصاف، ایم کیو ایم اور جی ڈی اے کے 25 سے زیادہ ارکان شریک ہوئے اور ارکان نے وزیراعظم کے سامنے سندھ حکومت کی زیادتی اور کرپشن کے خلاف شکایات کے انبار لگادیے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اتحادی ارکان کی سندھ حکومت کی گورنر، چیف سیکرٹری اور آئی جی کے اختیارات محدود کرنے کی بھی شکایات کی۔