کراچی:
سندھ حکومت کا گریڈ 9 کا پٹواری اربوں روپے مالیت کے اثاثوں کا مالک نکلا۔ایکسپریس نیوزکے مطابق سندھ حکومت کا گریڈ 9 کا ملازم اربوں روپے مالیت کے اثاثوں کا مالک نکلا، نیب نے بورڈ آف ریونیو کے پٹواری ابوبکر جوکھیو کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
ذرئع کے مطابق نیب نے مختار کار گڈاپ سے ملنے والے ریکارڈ سے ریفرنس کے لئے رپورٹ تیار کرلی ہے، جس کے مطابق ابوبکر جوکھیو کی اراضی سے متعلق نیب نے مختار کار سے رپورٹ طلب کی تھی، نیب کی دستاویزات پر مختار کار نے اراضی کی تصدیقی رپورٹ ایک ماہ کی تاخیر سے جمع کرائی تھی۔
ذرائع نے بتایا کہ گریڈ 9 کے پٹواری ابوبکر جوکھیو کی دیہہ کاٹھور اور بولاری میں سیکڑوں ایکڑ اراضی کا انکشاف ہواتھا، اراضی 3 سال میں ابوبکر جوکھیو کی فیملی ارکان کے نام پر منتقل کرائی گئی تھی، نیب تحقیقات کا سامنا کرنے والا گریڈ 9 کا ملازم ایک اہم افسر کا مبینہ فرنٹ مین ہے، ابوبکر جوکھیو کی آخری پوسٹنگ ضلع غربی میں تھی۔