سندھ: کاروباری مراکز 10 بجے تک کھولنے، انڈور کھانے کی اجازت


حکومت سندھ نے کورونا کیسز میں کمی کے بعد مزید نرمی کرتے ہوئے کاروباری اوقات کار میں رات 10 بجے تک توسیع کردی جبکہ ویکسین کی مکمل خوراکیں لگوانے والے افراد کو انڈور کھانے کی اجازت ہوگی۔

حکومت سندھ کے انفارمیشن سیل سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق:

  • کاروباری مراکز کو رات 10 بجے تک کھلنے کی اجازت ہوگی۔
  • بیکریز اور دودھ کی دکانیں رات 12 بجے تک کھولی جاسکتی ہیں۔
  • ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور کیفے کو صارفین کے درمیان تین فٹ کا فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے رات 12 بجے تک انڈور اور آؤٹ ڈور کھانے کی اجازت دی گئی ہے۔
  • تمام ہوٹلز میں مقرر حد سے 50 فیصد تک اور ویکسی نیٹڈ صارفین کو بٹھانے کی اجازت ہوگی جبکہ کیفے انتظامیہ کے لیے صارفین کا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ دیکھنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
  • ڈرائیو تھرو، ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری ہفتے کے 7 دن چوبیس گھنٹے کھلی رہے گی۔
  • آؤٹ ڈور شادی اور دیگر تقریبات میں 400 افراد شامل ہوسکتے ہیں لیکن تقریبات میں 3 فٹ سماجی فاصلے کا خیال رکھنا ہوگا۔
  • ان ڈور شادیوں میں 200 سے زائد ویکسی نیٹڈ افراد کو شرکت کی اجازت نہیں ہوگی اور مہمانوں کا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ چیک کرنا لازم ہوگا۔
  • مزارات کو ایس او پیز کی پابندی کے ساتھ کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔
  • ویکسی نیٹڈ افراد کے لیے سینما اور تھیٹرز رات ایک بجے تک کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔
  • انڈور جِمز کی اجازت صرف ان افراد کو ہوگی جو ویکسین لگوا چکے ہیں۔
  • تفریحی پارکس، سوئمنگ پولز اور آرکیڈز میں صرف 50 فیصد افراد کو جانے کی اجازت دی گئی ہے۔
  • بپلک ٹرانسپورٹ میں 70 فیصد مسافر کو سفر کرنے کی اجازت ہوگی۔
  • تمام نجی اور سرکاری دفاتر میں 100 فیصد عملہ کام کر سکتا ہے۔
  • کراچی میں اتوار بطور ‘سیف ڈے’ منایا جائے گا، جبکہ دیگر اضلاع اپنے لیے سیف ڈے کا فیصلہ اپنے خواہش کے مطابق کر سکتے ہیں۔
  • تمام تر انڈور اور آؤٹ ڈور اجتماعات بشمول ثقافتی، موسیقی اور مذہبی اجتماعات پر پابندی ہوگی۔

صوبائی حکومت نے عمومی ہدایات کی فہرست بھی جاری کی ہے جس میں تمام کاروباری اور دیگر اداروں کے عملے کو جلد از جلد ویکسی نیشن کروانے کی ہدایت کی گئی ہے، خلاف ورزی کی صورت میں حکومت کسی بھی وقت چیکنگ کر کے اداروں کو نوٹس جاری کر سکتی ہے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ پابندیوں میں مزید نرمی یا سختی کا فیصلہ ویکسی نیشن سے مشروط ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ایسے افراد کے لیے انڈور کھانے کی اجازت دی تھی جو ویکسین لگوا چکے ہیں، انڈور ڈائننگ کے لیے 50 فیصد افراد کو اجازت دی گئی تھی، ساتھ ہی دیگر فیصلے بھی کیے گئے تھے جن کا اطلاق یکم سے 31 جولائی تک ہوگا۔

این سی او سی نے غیر ملکی پروازوں کو معمول پر لانے اور برطانیہ، یورپ، کینیڈا، چین اور ملائیشیا سے براہ راست پروازیں 40 فیصد تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

دوسری جانب صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے اور گزشتہ چار روز سے یومیہ 500 سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔

حکومت سندھ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں 881 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ کورونا وائرس سے مزید 19 افراد انتقال کر گئے۔

صوبے میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 39 ہزار 2 سو 68 ہوچکی ہے جبکہ مجموعی طور پر 5 ہزار 4 سو 97 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں