8 فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخابات کے نتیجے میں بننے والی حکومت سندھ کی 9 رکنی کابینہ نے حف اٹھالیا۔
سندھ کابینہ کی حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس کراچی میں ہوئی، گورنرکامران ٹیسوری نے نو منتخب وزرا سے حلف لیا، اس موقع پر وزیراعلیٰ مراد علی شاہ بھی موجود تھے۔
ابتدائی طور پر سندھ کابینہ کے 9 وزرا نے عہدوں کا حلف اٹھایا، وزرا میں شرجیل میمن، ناصرشاہ، سعید غنی اور سردار شاہ شامل ہیں۔
ان کے علاوہ عذرا افضل، محمد بخش مہر، ضیاالنجار اور جام خان شورو بھی وزرا میں شامل ہیں۔
فی الوقت ان وزرا کو قلمدان تفویض نہیں کیے گئے جب کہ پیپلزپارٹی کی قیادت نے صوبائی کابینہ کے لیے ناموں کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق ناصر حسین شاہ وزیراطلاعات، شرجیل میمن ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور ٹرانسپورٹ، سردار شاہ تعلیم اور معدنیات، ذوالفقار شاہ وزیر ثقافت اور جام خان شورو وزیر آب پاشی ہوں گے۔
اسی طرح عذرا پیچوہو کو صحت، محمد بخش مہر کو اینٹی کرپشن اور اسپورٹس، سعید غنی کو بلدیات اور پبلک ہیلتھ جب کہ علی حسن زرداری کو جیل خانہ جات کے قلمدان دیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ 27 فروری کو پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما مراد علی شاہ نے لگاتار تیسری مرتبہ وزیر اعلیٰ سندھ کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا اور وہ سندھ کے 38ویں وزیر اعلیٰ بن گئے تھے۔