سندھ پولیس کے دو افسران کے تبادلے پر حکم امتناع جاری


کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے دو پولیس افسران کے تبادلے  پر حکم امتناع جاری کر دیا۔

سندھ حکومت کی جانب سے ڈی آئی جی خادم حسین رند اور ایس پی ڈاکٹر رضوان کے تبادلوں کے خلاف دائر درخواست پر سندھ ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی۔

دوران سماعت وکیل درخوست گزار فیصل صدیقی نے مؤقف اختیار کیا کہ مجھے میڈیا سے پتا چلا کہ ڈی آئی جی کا تبادلہ ہو گیا ہے، آئی جی سندھ پولیس کہتے ہیں مجھ سے کوئی مشورہ نہیں کیا گیا۔

سماعت کے دوران انہوں نے مزید کہا کہ ایس پی رضوان کا بھی تبادلہ کر دیا گیا ہے، سندھ حکومت ایس پی کے معاملے پر کسی بھی صورت مداخلت نہیں کر سکتی، یہ تبادلے قانون کی خلاف ورزی ہیں۔

سندھ حکومت کی جانب سے پولیس افسران کے تبادلوں کے خلاف دائر درخواست پر  وکیل درخواست گزار  نے اپنے مؤقف میں کہا کہ ایک ایک دن میں 20، 20 افسران کے تبادلے کیے گئے، دونوں تبادلوں کا نوٹیفکیشن منسوخ کیا جائے۔

ایڈووکیٹ فیصل صدیقی نے کہا کہ عدالت یہ نوٹیفکیشن منسوخ نہیں کرتی تو مزید تبادلے ہوتے رہیں گے۔

عدالت نے  سندھ حکومت سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 24 دسمبر تک ملتوی کردی۔


اپنا تبصرہ لکھیں