ملک میں تیزی سے پھیلتے کورونا وائرس سے اموات کا سلسلہ نہ رک سکا اور وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ سندھ میں پہلی ہلاک سامنے آگئی۔
مذکورہ مریض کراچی کا رہائشی تھا اور اسے مختلف بیماریاں بھی لاحق تھی، تاہم مریض کی کوئی سفری تاریخ موجود نہیں تھی۔
اس حوالے سے سندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے بذریعہ ویڈیو پیغام تصدیق کی کہ سندھ میں ایک 77 سالہ شخص کی کورونا وائرس کی وجہ سے موت واقع ہوئی۔
اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ایک نجی ہسپتال میں ایک موت ہوئی ہے اور 77 سالہ اس مریض کو مزید بیماریاں بھی لاحق تھیں۔
ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کا کہنا تھا کہ مریض کو کینسر، ذیابیطس اور فشار خون (بلڈ پریشر) کی شکایت بھی تھی جس کی وجہ سے ان کی طبیعت بہت ناساز تھی، لہٰذا جب انہیں کورونا وائرس ہوا تو ان کی موت اس سے واقع ہوگئی۔
علاوہ ازیں محکمہ صحت سندھ کی میڈیا کور آرڈینٹر میران یوسف کا کہنا تھا کہ مریض کراچی کا رہائشی تھا اور ان کی کوئی سفری یا رابطے کی تفصیلات نہیں ملیں۔
محکمہ صحت سندھ کی تصحیح
مرید برآں انہوں نے صوبے میں مریضوں کی تعداد میں تصحیح کی اور گزشتہ روز بتائے گئے 245 افراد کی جگہ نئی تعداد 238 کردی۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز کچھ ٹیسٹ دومرتبہ ہونے کی وجہ سے تعداد میں فرق آیا، تاہم اصل تعداد اس وقت 238 ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں موجود 238 افراد میں سے 87 افراد سکھر کے علاوہ صوبے میں متاثر ہیں، جس میں سے 3 صحت یاب اور ایک ہلاک ہوچکا ہے اور 83 زیر علاج ہیں۔
اس کے علاوہ انہوں نے بتایا کہ سکھر آنے والے زائرین میں سے 302 افراد کا ٹیسٹ لیا گیا جس میں 151 ٹیسٹ مثبت جبکہ اتنے ہی ٹیسٹ منفی آئے۔
پنجاب میں مزید 2 کیسز سے مریضوں کی تعداد 80 ہوگئی
قبل ازیں پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 2 مریضوں کے ساتھ تعداد 80 ہوگئی۔
صوبے کے پرائمری اور سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے ترجمان نے بتایا صوبے میں مزید 2 کیسز آنے کی تصدیق کی۔
پاکستان میں کورونا وائرس
پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا۔
- 26 فروری کو ہی معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے ملک میں مجموعی طور پر 2 کیسز کی تصدیق کی۔
- 29 فروری کو ڈاکٹر ظفر مرزا نے ملک میں مزید 2 کیسز کی تصدیق کی، جس سے اس وقت تعداد 4 ہوگئی تھی، 3 مارچ کو معاون خصوصی نے کورونا کے پانچویں کیس کی تصدیق کی۔
- 6 مارچ کو کراچی میں کورونا وائرس کا ایک اور کیس سامنے آیا، جس سے تعداد 6 ہوئی۔
- 8 مارچ کو شہر قائد میں ہی ایک اور کورونا وائرس کا کیس سامنے آیا۔
- 9 مارچ کو ملک میں ایک ہی وقت میں سب سے زیادہ کورونا وائرس کے 9 کیسز کی تصدیق کی گئی تھی۔
- 10 مارچ کو ملک میں کورونا وائرس کے 3 کیسز سامنے آئے تھے جن میں سے دو کا تعلق صوبہ سندھ اور ایک کا بلوچستان سے تھا، جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 19 جبکہ سندھ میں تعداد 15 ہوگئی تھی۔
بعد ازاں سندھ حکومت کی جانب سے یہ تصحیح کی گئی تھی ‘غلط فہمی’ کے باعث ایک مریض کا 2 مرتبہ اندراج ہونے کے باعث غلطی سے تعداد 15 بتائی گئی تھی تاہم اصل تعداد 14 ہے، اس تصحیح کے بعد ملک میں کورونا کیسز کی تعداد 10 مارچ تک 18 ریکارڈ کی گئی۔
- 11 مارچ کو اسکردو میں ایک 14 سالہ لڑکے میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، جس کے بعد مجموعی تعداد 19 تک پہنچی تھی۔
- 12 مارچ کو گلگت بلتستان کے ضلع اسکردو میں ہی ایک اور کیس سامنے آیا تھا جس کے بعد ملک میں کورونا کے کیسز کی تعداد 20 تک جاپہنچی تھی۔
- 13 مارچ کو اسلام آباد سے کراچی آنے والے 52 سالہ شخص میں کورونا کی تصدیق کے بعد تعداد 21 ہوئی تھی، بعدازاں اسی روز ڈاکٹر ظفر مرزا نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران تفتان میں مزید 7 کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی تھی اور کہا تھا کہ پاکستان میں مجموعی طور پر کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 28 ہوگئی۔
- 14 مارچ کو سندھ و بلوچستان میں 2، 2 نئے کیسز کے علاوہ اسلام آباد میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا جس کے بعد ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد 33 ہوگئی۔
- 15 مارچ کو اسلام آباد اور لاہور میں ایک ایک، کراچی میں 5، سکھر میں 13 کیسز سامنے آئے جس کے بعد ملک بھر میں مجموعی تعداد کیسز کی تعداد 53 ہوگئی تھی۔
- 16 مارچ کو ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اچانک بہت تیزی سے اضافہ ہوا تھا اور سندھ میں تعداد 35 سے بڑھ کر 150 جبکہ خیبرپختونخوا میں نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد ملک میں مجموعی تعداد 184 تک جا پہنچی تھی۔
- 17مارچ کو ملک کے چاروں صوبوں سندھ، پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس کے مزید کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک میں مجموعی تعداد 237 تک پہنچ گئی تھی۔
- 18 مارچ کو پاکستان میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت خیبرپختونخوا میں سامنے آئی جبکہ کچھ ہی دیر بعد ہی عالمی وبا سے دوسری موت کی بھی تصدیق کردی گئی، اس کے علاوہ اسی روز صوبے میں مزید 64 کیسز سامنے آنے کے بعد تعداد 301 تک ہوگئی تھی۔
- 19 مارچ کو بھی کورونا وائرس کے مزید کیسز آنے کا سلسلہ نہ رک سکا اور چاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مجموعی طور پر 152 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد اس روز تعداد 448 تک جاپہنچی۔