کراچی: ملز مالکان نے حکومت سندھ کی جانب سے گندم کے اجرا سے قبل درآمد کردہ اور مقامی طور پر پیدا ہونے والی گندم کی قیمت میں کمی کے بعد آٹے کی متعدد اقسام کی قیمتیں کم کردی ہیں۔
پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن سندھ زون کے چیئرمین چوہدری محمد یوسف نے کہا کہ ڈھائی نمبر آٹے کی قیمت 59 روپے کلو سے 7 روپے کم کر کے 52 روپے جبکہ سپر فائن آٹا (میدہ) 64 روپے کلو کردیا گیا ہے۔
قیمتوں میں کمی کے بعد ڈھائی نمبر آٹے کا 10 کلو کا تھیلا 595 کے بجائے 525 روپے کا ہوگیا ہے۔
تاہم مارچ میں سندھ سے گندم کی فصل آنے پر ڈھائی نمبر آٹے کی قیمت 42-43 روپے اور فائن اور سپر فائن آٹے کی قیمت 45-46 روپے کلو تھی۔
محمد یوسف نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے پیر کے روز سے 3 ہزار 637 فی 100 کلو کی قیمت پر گندم ملز کو فراہم کیے جانے کا امکان ہے اس لیے عوام کو رعایت دینے کے لیے آٹے کی قیمتوں میں کمی کی گئی۔
فلور ملز ایسوسی ایشن سندھ زون کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ ملز کو حکومت سندھ کی جانب سے 19 اکتوبر کو چالان موصول ہوگئے تھے جنہیں اسٹیٹ بینک میں جمع کروادیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ مل مالکان کو حکومتی گوداموں سے گندم اٹھانے نوشہرو فیروز اور نوابشاہ جانا پڑے گا جس کی وجہ سے 100 کلو کے تھیلے پر روپے کی لاگت آئے گی۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت سندھ کا صوبے میں پہلے 16 سے 31 اکتوبر کے درمیان 85 ہزار ٹن گندم فراہم کرنے کا منصوبہ تھا لیکن فیصلے میں تاخیر کی گئی اور صوبے نے موجودہ سیزن میں 12 لاکھ 35 ہزار ٹن گندم خریدی ہے۔
ایسوسی ایشن عہدیدار کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے پیر سے ملز کو گندم کی فراہمی شروع ہوجائے گی جس کے بعد قیمتیں مقرر کردی جائیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ درآمد کردہ گندم کی قیمت کے 100 کلو گرام تھیلے کی قیمت 5 ہزار 500 روپے سے کم ہو کر 5 ہزار 70 روپے ہوگئی ہے جس میں بندرگارہ سے منتقلی کے چارجز بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب مقامی گندم کا 100 کلو کا تھیلا 5 ہزار 200 روپے سے کم ہوکر 5 ہزار 700 روپے کا ہوگیا۔