کراچی:
سوئی سدرن گیس کمپنی نے سسٹم میں گیس پریشر میں کمی کو جواز بناتے ہوئے سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی بندش کا درانیہ مزید 24 گھنٹے بڑھا دیا۔
ترجمان ایس ایس جی سی کے مطابق گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی میں مشکلات کے پیش نظر اب صوبے بھر کے سی این جی اسٹیشنز کو بدھ کی رات 8 بجے گیس فراہمی بحا ل کیے جانے کا امکان ہے۔
قبل ازیں ایس ایس جی سی نے منگل کی رات 8 بجے سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی بحال کرنے کا عندیہ دیا تھا جو اب بدھ کو کھلیں گے، صوبے بھر میں سی این جی اسٹیشنز مسلسل چار روز سے ہفتہ کی رات آٹھ بجے سے بند ہیں جب کہ گزشتہ آٹھ دنوں میں محض 21 گھنٹے سی این جی فراہم کی جاسکی ہے۔
سی این جی ڈیلرز ایسوسی ایشن نے پیر کو اعلان کیا تھا کہ بندش کا دورانیہ مزید بڑھایا گیا تو منگل کو ازخود اسٹیشن کھول دیں گے تاہم اس اعلان پر عمل نہیں ہوا تھا اب انہوں نے یہی دھمکی بدھ کے لیے دی ہے۔
دریں اثنا سی این جی بندش کے سبب شہریوں کو ٹرانسپورٹ کی شدید قلت کا سامنا ہے، شہر کی سڑکیں سرشام ہی خالی ہوگئیں شہریوں نے دن بھر اکا دکا چلنے والی بسوں کی چھت پر بیٹھ کر سفر کیا، رکشا ٹیکسی والوں نے پیٹرول پر گاڑیاں چلانا شروع کردیں اور شہریوں سے من مانے کرایے وصول کیے۔