سندھ کے محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی نے کورونا وائرس کے باعث 13 مارچ تک بند اسکولوں کے دفاتر کھولنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نویں اور دسویں جماعت کے ایڈمٹ کارڈز تقسیم کرنے کے لیے دفاتر کھول دیے جائیں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی کا کہنا تھا کہ ‘تعلیمی اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ صوبہ سندھ کے وہ اسکول اپنے دفاتر کھول سکتے ہیں جہاں نویں اوردسویں جماعت کے امتحانات ہونے ہیں یا جن اسکولوں نے بچوں کو ایڈمٹ کارڈز تقسیم کرنے ہیں’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘اجلاس میں یہ بھی طے کیا گیا کہ نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات 16 مارچ سے شروع ہوں گے’۔
مزید پڑھیں:سندھ حکومت کا 13 مارچ تک تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ
سعید غنی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ ‘سندھ حکومت نے صوبے بھر کے تعلیمی اداروں کو 13 مارچ 2020 تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے’۔
تعلیمی اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے اسکولوں کو کھولنے کے حوالے سے کیے گئے فیصلوں سے آگاہ کیا اور کہا کہ ‘جس طرح ہم نے پہلے کہا تھا اسی طرح اسکول 13 مارچ تک بند رہیں گے اور 16 مارچ سے کھلیں گے لیکن 16 مارچ سے نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات شروع ہونے ہیں’۔
یہ بھی پڑھیں:بلوچستان کے تمام تعلیمی ادارے 15 مارچ تک بند
نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ‘اس وقت بڑی پریشانی تھی کہ جن طلبہ نے امتحانات دینا ہے انہیں ایڈمٹ کارڈ کیسے ملیں گے تو بورڈز اینڈ یونیورسٹیز ڈپارٹمنٹ نے پہلے ہی نوٹی فائی کردیا ہے کہ تمام اسکول اپنے متعلقہ بورڈز سے ایڈمٹ کارڈ حاصل کرلیں’۔
انہوں نے کہا کہ ‘آج کے اجلاس میں ہم نے فیصلہ کیا کہ تمام اسکول کھل جائیں گے اس میں تعلیمی سرگرمیاں بند رہیں گی، بچوں کی کلاسیں نہیں ہوں گی لیکن تمام اسکول بچوں کو ایڈمٹ کارڈ تقسیم کرنے کے لیے اپنے دفاتر کھول لیں گے’۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ ‘اسکول چاہیں تو کل اتوار ہے کل بھی شروع کرسکتے ہیں ورنہ پیر سے یہ کام شروع ہوجائے گا اور امتحانات 16 سے ہی شروع ہوں گے اور ہماری کوشش ہوگی کہ تمام بچوں کو ایڈمٹ کارڈ بروقت پہنچادیے جائیں’۔
صوبائی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ ‘اس کے ساتھ ساتھ ایک اور بڑا مسئلہ تھا جس میں کافی اختلاف اور لوگوں کی مختلف آرا تھیں کہ رواں برس تعلیمی سال کب شروع ہوگا، پچھلے اجلاس میں طے ہوا تھا کہ یکم جولائی سے تعلیمی سال کا آغاز ہوگا لیکن اس پر اعتراضات بھی تھے اور حق میں بھی رائے تھی’۔
مزید پڑھیں:کراچی: کورونا وائرس کا پہلا مریض صحت یابی کے بعد ہسپتال سے ڈسچارج
ان کا کہنا تھا کہ ‘آج کے اجلاس میں اتفاق رائے سے یہ طے ہوا کہ 2020 میں تعلیمی سال 15 اپریل سے شروع کریں گے، اس کو یکم اپریل سے شروع ہونا چاہیے تھا لیکن کچھ چیزوں کے باعث 15 روز آگے کیا ہے’۔
انہوں نے واضح کیا کہ ‘اگلے سال تعلیمی سال یکم اپریل سے ہی شروع ہوا کرے گا اور گرمیوں کی چھٹیوں میں کچھ تبدیلیاں کی ہیں، گرمیوں کی چھٹیاں 15 مئی سے 14 جولائی تک ہوں گی اور 15 جولائی کو اسکول کھلیں گے’۔
اسکولوں کی چھٹیوں پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘اگلے سال پھر گرمیوں کی چھٹیاں بھی یکم جون سے 31 جولائی تک ہوں گی، ابھی جو 15 روز کا فرق نظر آرہا ہے وہ اس سال کے لیے اور اگلے سال پرانے شیڈول پر چلے جائیں گے’۔