سندھ حکومت نے گندم کی بین الصوبائی نقل و حمل پر پابندی عائد کردی


کراچی: سندھ حکومت نے گندم کی بین الصوبائی نقل و حمل پر پابندی عائد کردی۔

محکمہ داخلہ سندھ کے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق گندم کی بین الصوبائی نقل و حرکت پر پابندی لگادی گئی ہے، گندم کی ذخیرہ اندوزی بھی قابل سزا جرم ہوگی، گندم کو دیگر صوبوں میں لے جانے کے لیے ذخیرہ کرنا بھی ممنوع ہوگا۔

نوٹی فکیشن میں بتایا گیا کہ اس فیصلے کا مقصد گندم کی قلت اور قیمتوں میں اضافے کو روکنا ہے کیونکہ اس بات کی مصدقہ اطلاعات ملی تھیں کہ سندھ میں گندم کی کٹائی شروع ہونے پر ملک کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے تاجر یہاں پہنچ چکے ہیں تاکہ گندم کی بھاری مقدار خرید کر سندھ سے منتقل کیا جائے اور آنے والے مہینوں میں ذخیرہ کی گئی گندم سے بھاری منافع حاصل کیا جاسکے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق اس عمل سے نہ صرف مستقبل قریب میں گندم بلکہ اس سے حاصل ہونے والی دیگر مصنوعات کی قیمتیں بھی بڑھ سکتی تھیں اسی لیے پابندی لگائی جارہی ہے، گندم کی بین الصوبائی نقل و حمل پر پابندی کا اطلاق آئندہ 45 روز یا حکومت سندھ کی طے کردہ گندم خریداری کا ہدف مکمل ہونے تک رہے گا۔


اپنا تبصرہ لکھیں