سندھ حکومت نے چین سے کورونا ویکسین کی 2 کروڑ خوراکیں خریدنے کا فیصلہ کرلیا


کراچی: محکمہ صحت سندھ نے بتایا ہے کہ صوبائی حکومت، چین سے کووڈ 19 ویکسین کی 2 کروڑ خوراکیں خریدے گی۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے چینی قونصل جنرل لی بیجیان سے ملاقات کی اور کووڈ 19 ویکسین کی خریداری، صحت کی دیکھ بھال فراہم کرنے والوں کی تربیت اور صحت کی ٹیکنالوجی کی منتقلی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔

سیکریٹری صحت ڈاکٹر کاظم جتوئی بھی اس ملاقات میں شریک تھے۔

محکمہ صحت کے ترجمان نے بتایا کہ ‘اجلاس میں اتفاق رائے ہوا کہ سندھ حکومت چین سے کووڈ 19 ویکسین کی 2 کروڑ خوراک خریدے گی اور روایتی چینی طب کی تربیت کے لیے ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل عملے کو وہاں بھیجا جائے گا’۔

انہوں نے مزید کہا کہ چینی قونصل جنرل نے وزیر صحت کو صحت کی ٹیکنالوجی کی فراہمی کے لیے مدد کی یقین دہانی کرائی۔

وزیر صحت نے چینی حکومت کی طرف سے کورونا وائرس کے خاتمے کے لیے پاکستان کے ساتھ تعاون کو سراہا اور اسے سندھ میں ہسپتالوں اور متعلقہ سہولیات کے قیام میں مدد کی دعوت دی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر صحت کووڈ 19 ویکسین کی براہ راست خریداری کے لیے اجازت کے لیے وفاقی حکومت کے ساتھ مشغول ہیں۔

وزیر صحت کا کہنا تھا کہ ‘صوبے کی مجموعی ضرورت اس ویکسین کی 2 کروڑ خوراکیں ہیں، یہ ضروری ہے کہ صوبے کو کورونا وائرس سے محفوظ بنانے کے لیے ویکسینیشن کا عمل بغیر کسی مداخلت کے جاری رکھا جائے’۔

دریں اثنا صوبے میں قائم کی جانے والی صحت کی 12 سہولیات میں 5 روز کے دوران مجموعی طور پر 16 ہزار 948 فرنٹ لائن ہیلتھ کیئر ورکرز کو کووڈ 19 ویکسین کی خوراک دی گئیں۔

ویکسینیشن سینٹرز کی 12 میں سے 10 سہولیات کراچی میں ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں