وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سندھ تبدیلی کے دہانے پر ہے اور کراچی میں ہونے والی ملاقاتوں میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے جانے کی بنیاد رکھ دی ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سندھ میں گورنر راج کا کوئی امکان نہیں، پیپلز پارٹی کے ارکان کے تعاون سے ہی صوبے میں تبدیلی لائی جائے گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کل اپوزیشن جماعتوں نے اتحاد برائے بحالی کرپشن بنایا ہے، جو حال پنجاب میں ن لیگ کا ہوا ہو، وہ اب سندھ میں پیپلز پارٹی کا ہونے جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں ملاقاتوں کے نتیجےمیں وزیراعلیٰ سندھ کے جانےکی بنیادرکھ دی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پہلا موقع پیپلز پارٹی کے پاس ہے کہ وہ خود وزیراعلیٰ کو تبدیل کر دے، پیپلزپارٹی خود مراد علی شاہ کو نہیں ہٹاتی تو وزیراعظم فیصلہ کریں گے کہ غبارے سے ہوا کب نکالنی ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ کراچی میں پیپلز پارٹی کا کوئی سیاسی مستقبل باقی نہیں رہا جب کہ نواز شریف کے بعد آصف زرداری کا سیاسی کیرئیر بھی خاتمے کے قریب ہے۔