سمیع اسلم کے بعد کیوی کھلاڑی کورے اینڈرسن بھی امریکہ چلے گئے


قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر سمیع اسلم کے بعد کیوی آل راؤنڈر کورے اینڈرسن نے بھی امریکہ میں 3 سالہ میجر لیگ کرکٹ کھیلنے کی آفر قبول کرلی ہے۔

تفصیلات کے مطابق   29 سالہ ریکارڈ ساز آل راؤنڈر نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان بھی کردیا ہے۔

کورے اینڈرسن نے اپنے ملک کی جانب سے آخری ٹیسٹ میچ فروری 2016 جبکہ آخری فرسٹ کلاس میچ اپریل 2018 میں کھیلا تھا۔

واضح رہے کہ کورے اینڈرسن ون ڈے کرکٹ میں دوسری تیز ترین سنچری بنانے والے کھلاڑی ہیں۔

انہوں نے جنوری 2014 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف محض 36 گیندوں پر سنچری بناکر شاہد آفریدی کی 37 گیندوں کی تیز ترین سنچری کا ریکارڈ توڑا تھا۔تاہم جنوری 2015 میں جنوبی افریقہ کے اےبی ڈی ویلیئرز نے 31 گیندوں پر سنچری بناکر یہ اعزاز اپنے نام کرلیا تھا۔

کورے اینڈرسن نے 2012 سے 2018 کے دوران 13 ٹیسٹ، 49 ون ڈے اور 31 ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں نیوزی لینڈ کی نمائندگی کی تھی ۔

واضح رہے کہ سمیع اسلم تقریبا 3 سال امریکہ میں ڈومیسٹک مقابلوں میں حصہ لیں گے جس کے بعد وہ امریکی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کے اہل ہوجائیں گے ۔

سمیع اسلم اور دیگر پاکستانی کھلاڑیوں سمیت بہت سارے کرکٹرز نے حال ہی میں امریکہ جانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ وہ 2023 ورلڈ کپ کوالیفائنگ رانڈ کھیلنے کے اہل ہوسکیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں