سمندری طوفان کا خدشہ: وزیراعلیٰ سندھ کی تمام محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

سمندری طوفان کا خدشہ: وزیراعلیٰ سندھ کی تمام محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت


وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سمندری طوفان کے خدشےکے پیش نظر تمام صوبائی محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے جاری بیان میں مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبے کے بیشتر اضلاع میں طوفانی بارشون کا امکان ہے، اس دوران ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری تیاری مکمل ہونی چاہیے۔

انہوں نے صوبے کے تمام ہسپتالوں کو انتظامات بہتر اور عملے کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی ۔

ان کی جانب سے سمندر میں غیرمعمولی صورتحال کے پیش نظر محکمہ فشریز کو ماہیگیروں کی حفاظت کے لیے بھی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات پاکستان (پی ایم ڈی) نے صوبہ سندھ کی ساحلی پٹی پر طوفان کا الرٹ جاری کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بحیرہ عرب میں رن آف کچ کے علاقے کے اوپر ہواؤں کا شدید دباؤ موجود ہے، ہواؤں کا یہ سلسلہ سندھ کی ساحلی پٹی کی جانب آج رات یا کل تک پہنچ سکتا ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے ممکنہ سمندری طوفان کے حوالے سے کہا کہ ڈیپ ڈپریشن کراچی کے جنوب مشرق میں 270 کلو میٹر دوری پر اور اب تک سسٹم خشکی پر موجود ہے۔

سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ ان دنوں سمندر میں درجہ حرارت اور ماحول سازگار ہے، امکان ہے کہ کل یہ ڈیپ ڈپریشن سمندر میں داخل ہوگا، طوفان بننے کی صورت میں کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ممکنہ طوفان کے باعث سمندر میں طغیانی کا خدشہ ہے، طغیانی بڑھنے سے ساحلی علاقے ابراہیم حیدری،مبارک ولیج میں آبادی میں پانی آسکتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق اس طوفان کا نام اسنی رکھا گیا ہے، اسنی کے معنی بلند تر ہیں، اس طوفان کا نام پاکستان کی جانب سے تجویر کیا گیا ہے، اسنی طوفان کا دورانیہ کم لیکن شدت زیادہ ہوگی، چند گھنٹوں کے اس طوفان میں تیز ہوائیں چلیں گی، آندھی آئے گی۔


اپنا تبصرہ لکھیں