سلمان خان کے فارم ہاؤس سے 2 مشتبہ افراد گرفتار

سلمان خان کے فارم ہاؤس سے 2 مشتبہ افراد گرفتار


بالی ووڈ کے سُپر اسٹار سلمان خان کے فارم ہاؤس میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے 2 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ چند ماہ سے سلمان خان کو جان لیوا دھمکیوں کا سامنا ہے۔

اسی اثناء میں 2 مشتبہ نامعلوم افراد نے سلمان خان کے فارم ہاؤس میں درخت پر چڑھ کر داخل ہونے کی کوشش کی جنہیں ممبئِ پولیس نے گرفتار کرلیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ 4 جنوری کو بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے شہر پنویل میں واقع اداکار کے فارم ہاؤس میں پیش آیا تھا، جس کی اطلاع پولیس کو فارم ہاؤس کے منیجر نے دی تھی۔

فارم ہاؤس کے منیجر کے مطابق انہیں فارم ہاؤس کے سیکیورٹی گارڈ محمد حسین نے 4 جنوری کی شام فون کرکے اطلاع دی کہ 2 افراد باؤنڈری وال کو پھلانگ کر کمپاؤنڈ میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گرفتار ہونے والے دونوں ملزمان نے پولیس کو اپنے فرضی نام اجیش کمار اور گروسیواک سنگھ بتائے جبکہ ان دونوں افراد کے پاس سے جعلی شناختی کارڈ بھی برآمد ہوئے ہیں۔

پولیس کے مطابق دونوں ملزمان کا کہنا ہے کہ وہ کارپنٹر اور فرنیچر کا کام کرتے ہیں، انہیں اداکار سے ملنے کی خواہش تھی اس لیے فارم ہاؤس میں داخل ہوئے تھَے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے ان دونوں ملزمان کے خلاف دھوکا دہی، جعل سازی کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں