‎سلام آباد سانحے کے شہداء کی یاد میں شمالی ٹیکساس میں دعائیہ اجتماعات کا انعقاد


اسلام آباد سانحے کے شہداء کی یاد میں شمالی ٹیکساس میں دعائیہ اجتماعات کا انعقاد

رپورٹ: راجہ زاہد اختر خانزادہ

ڈیلس، ٹیکساس: آج جمعہ کی نماز کے بعد شمالی ٹیکساس کی کئی مساجد میں اسلام آباد سانحے کے شہداء کی یاد میں دعائیہ اجتماعات منعقد کیے گئے۔ ان اجتماعات میں اس المناک واقعے میں جان بحق ہونے والے معصوم شہریوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں نے کہا کہ اس دلخراش واقعے نے دنیا بھر میں گہرے اثرات چھوڑے ہیں۔

دعائیہ تقریبات اسلامک سینٹر آف فرسکو، اسلامک سینٹر آف ارونگ، مدینہ مسجد کیرولٹن، مکہ مسجد گارلینڈ، اسلامک ایسوسی ایشن آف کالن کاؤنٹی، کولیویل مسجد، واٹاؤگا مسجد، اور اسلامک سینٹر آف کیلر میں منعقد کی گئیں۔ اس کے علاوہ، مکہ مسجد گارلینڈ میں جمعہ کی نماز کے بعد غائبانہ نمازِ جنازہ بھی ادا کی گئی۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حامیوں اور کمیونٹی کے دیگر افراد کی بڑی تعداد نے ان اجتماعات میں شرکت کی۔ ان اجتماعات کا مقصد بے گناہ جابحق افراد کو خراج عقیدت پیش کرنا اور زخمیوں اور ان کے اہل خانہ کے لیے دعا کرنا تھا۔

یہ دعائیں مقامی مذہبی رہنماؤں کی قیادت میں کی گئیں، جنہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور ان کے خاندانوں کو صبر و استقامت عطا کرنے کی دعا کی۔

پی ٹی آئی شمالی امریکہ ریجن کے کوآرڈینیٹر ندیم زمان نے کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا کہ وہ اس اہم موقع پر اکٹھے ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تقریبات پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے اتحاد اور ان کی انصاف، امن، اور اسلام آباد کے سانحے میں جانبحق ہونے والوں کی یاد کو زندہ رکھنے کے عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں