نیویارک: چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل کو بین الاقوامی امن و سلامتی برقرار رکھنے کی اپنی بنیادی ذمہ داری سنبھال لینی چاہیے۔
سرکاری خبرایجنسی اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق امریکی شہر نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز میں یوکرین سے متعلق سلامتی کونسل کے اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے کہا کہ تمام فریقین کو امن مذاکرات کے فروغ کے لیے حقیقی معنوں میں پرعزم ہونا چاہیے۔
انہوں نے اس سلسلے میں تین اہم تجاویز پیش کیں، پہلی تجویز یہ دی کہ صورت حال بہتر کرنے کے لیے بحران کی شدت کا احساس کرنا ہوگا، دوسرا امن مذاکرات کے فروغ اور فریقین کو قائل کرنے کے لیے احساس ذمہ داری بڑھانی ضروری ہے اور تیسری تجویز یہ دی کہ بحران کے اثرات کا پھیلاؤ قابو کرنے کے لیے فوری احساس بھی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام ممالک کے جائز خدشات کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے بحران کے پرامن حل کے لیے تمام معقول کوششوں کی حمایت کرنی چاہیے۔
چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ یوکرین کے معاملے پر چین کا مؤقف مستقل اور واضح رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق وانگ ای نے اس سے قبل چین اور لاطینی امریکہ کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے آٹھویں دور میں بھی شرکت کی اور جرمنی، فرانس، ناؤرو، آسٹریلیا، سوئٹزرلینڈ اور ارجنٹائن کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ساتھ امریکا کے سینیٹر کونز، فرانس کے صدر کے خارجہ امور کے مشیر اور اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔