سفارتکاروں اور ان کے اہلخانہ کیلئے کورونا وائرس ٹیسٹ لازمی قرار

سفارتکاروں اور ان کے اہلخانہ کیلئے کورونا وائرس ٹیسٹ لازمی قرار


راولپنڈی: سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے پاکستان آنے والے سفارتی عملے اور ان کے اہل خانہ کے لیے کووڈ 19 ٹیسٹ کو لازمی قرار دے دیا ہے۔

ملک پہنچنے پر ان کا ریپڈ انٹیجن ٹیسٹ (آر اے ٹی) بھی کرایا جائے گا۔

آر اے ٹی کے مثبت نتائج کی صورت میں سفارت کاروں کو لازمی طور پر اپنے اپنے سفارت خانوں یا گھر میں قرنطینہ ہونا ہوگا۔

وزارت خارجہ گھر میں قرنطینہ سے متعلق معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (ایس او پیز) پر عمل درآمد کو یقینی بنائے گی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سفارتی عملے کے لیے سفری اور قرنطینہ پابندیوں کے بارے میں نوٹی فکیشن کے بعد سی اے اے کے ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ نے کہا ہے کہ سفارتکار، سفارتی عملہ اور ان کے اہل خانہ سفر سے قبل 72 گھنٹوں کے اندر اندر منفی کووڈ 19 پی سی آر ٹیسٹ سرٹی فیکیٹ دکھانے کے پابند ہیں۔

دریں اثنا سی اے اے نے متحدہ عرب امارات اور بحرین سے آنے والے مسافروں کے لیے کووڈ 19 ٹیسٹ کے لیے نامزد لیبارٹریز کی بھی وضاحت کردی۔

متحدہ عرب امارات اور بحرین میں پاکستان کے وفد کی تجاویز کی بنیاد پر پاکستان سے آمد و رفت کرنے والی تمام ایئر لائنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صرف مخصوص لیبارٹریز کے ذریعے کیے گئے منفی کووڈ 19 پی سی آر ٹیسٹ قبول کریں۔

تمام ایئرلائن آپریٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پاکستان آنے والے صرف ان مسافروں کو ہی قبول کریں جو نامزد لیبارٹریز سے پی سی آر کے منفی نتائج رکھتے ہوں۔

سی اے اے نے ابوظبی اور العین میں 10، راس الخیمہ میں 7، شارجہ میں 7، فجیرہ میں 8، عجمان میں 5، ام القوین میں 4 اور بحرین میں 11 لیبارٹریوں کو نامزد کیا ہے۔

سی اے اے پہلے ہی ایک ایڈوائزری جاری کرچکا ہے جس کے تحت پاکستان میں اندرون ملک چلنے والی پروازوں پر پابندیوں میں توسیع کی گئی ہے اور انہیں 15 جون تک 80 فیصد کم رکھنے کا کہا گیا ہے۔

سی اے اے کے ترجمان سعد بن ایوب نے بتایا کہ اس سلسلے میں محکمہ ایئر ٹرانسپورٹیشن نے بدھ کے روز ایک نوٹی فکیشن جاری کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ مقامی پروازیں 20 فیصد تک محدود رہیں گی اور انہیں اضافی 30 فیصد سامان لے جانے کی اجازت ہوگی۔

انہوں نے کہا پاکستان سے 50 فیصد غیر ملکی پروازوں کی اجازت بھی 15 جون تک بڑھا دی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام ایئر لائنز / آپریٹرز کو اس پابندی پر عمل کرنا ہوگا اور وقتاً فوقتاً معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (ایس او پیز) جاری کیا جاتا رہے گا۔


اپنا تبصرہ لکھیں