ریاض:
سعودی عرب نے ایران تنازع اور آبنائے ہرمز میں تناؤ کے باعث خلیجی ممالک اور عرب لیگ کا ہنگامی اجلاس 30 مئی کو مکہ میں طلب کرلیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب نے، ایران کی دھمکیوں،اپنے تیل بردار بحری جہازوں پر حملے اور خلیج عمان میں پیدا ہونے والے تناؤ کے پیش نظر خلیجی ممالک اور عرب لیگ میں شامل ممالک کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے۔
سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان عرب لیگ میں شامل ممالک اور خلیجی ممالک کے سربراہان کو 30 مئی کو مکہ آنے کی دعوت دی ہے، جہاں ہنگامی اجلاس میں خلیج عمان میں جاری تناؤ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائے گا اور ایران کی دھمکیوں پر مشترکہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
یہ خبر بھی پڑھیں : امریکا ایران پر سرجیکل اسٹرائیک کردے، سعودی میڈیا
دوسری جانب سعودی کے اخبار الشرق الاوسط میں شائع ہونے والی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سعودی عرب اور خلیجی ممالک نے امریکی افواج کی خلیج میں تعیناتی کی منظوری دے دی ہے تاہم اس سے قبل ہی امریکا قطر میں اپنے فوجی کیمپ میں 10 سے زائد جدید فائٹر طیارے اور ایک طیارے بردار بحری بیڑا بھیج چکا ہے۔