سعودی عرب کے معاون وزیر دفاع میجر جنرل انجینئر طلال عبداللہ العتیبی اہم دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
ہوائی اڈے پر میجر جنرل انجیئنر طلال عبداللہ کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
سعودی عرب کے معاون وزیر دفاع سے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے بھی ملاقات کریں گے، آرمی چیف سے ملاقات دفاعی تربیت سمیت دفاعی امور زیر بحث آئیں گے جبکہ دفاعی تعلقات کو مزید وسعت دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
مزید بتایا کہ دفاعی منصوبوں اور عسکری تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم شہباز شریف سے سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان کی سربراہی میں اعلی سطح کے وفد نے ملاقات کی تھی، جس کے دوران پاکستان میں سرمایہ کاری کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی وفد میں سعودی نائب وزیرِ برائے سرمایہ کاری عزت مآب انجینئر ابراہیم بن یوسف المبارک، سعودی وزیر برائے ماحولیات، آبی وسائل و زراعت عزت مآب انجینیئر عبدالرحمن بن عبدل محسن آلفضلی، سعودی وزیرِ صنعت و معدنی وسائل عزت مآب انجینیئر بندر بن ابراہیم بن عبداللہ آلخریف اور اعلٰی سعودی حکام و سفارتی اہلکار شامل تھے۔
ملاقات میں وزیرِ اعظم نے سعودی وفد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی وسیع استعداد کے حوالے سے آگاہ کیا، سعودی وفد کو ٹرانسمیشن لائنز، سولر پراجیکٹس اور کان کنی پراجیکٹس میں سرمایہ کاری سے متعلق تجاویز بھی دی گئیں۔
اسی طرح سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان ال سعود نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی تھی، جس میں دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے سمیت مختلف امور پر گفتگو کی گئی تھی۔
وزیر خارجہ کی زیر سربراہی سعودی عرب کےوفد نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی پائیداری اور اسٹریٹیجک نوعیت پر زور دیتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت دینے کے لیے متعدد راستے تلاش کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔