سعودی عرب کا فضائی آپریشن معطل رکھنے کا فیصلہ


ریاض: سعودی عرب نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر اندرون اور بیرون ملک پروازیں بدستور معطل رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سعودی عرب نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر ملک کے مختلف شہروں میں سخت لاک ڈاؤن کر رکھا ہے جب کہ مسجد نبوی ﷺ اور خانہ کعبہ میں باجماعت نمازوں کی ادائیگی پر بھی پابندی عائد ہے۔

گزشتہ روز سعودی حکام نے رمضان المبارک کے دوران کھانے پینے کی اشیاء کی ضروری دکانوں کے لیے لاک ڈاؤن میں کچھ نرمی کا اعلان کیا تھا۔

اب سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مکہ مکرمہ میں کرفیو میں نرمی نہیں کی گئی ہے، رمضان میں صبح 9 سے شام 5 بجے تک پرچون کی دکانوں کو کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔

ترجمان سعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ اندرون و بیرون ملک فضائی آپریشن کو بدستور معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ ٹرین، بس اور ٹیکسی سروس بھی تاحکم ثانی معطل رہے گی۔

خیال رہے کہ سعودی عرب میں کورونا وائرس سے ساڑھے 17 ہزار سے زائد لوگ متاثر ہو چکے ہیں جب کہ 139 افراد ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں