سعودی عرب کی ایئر ڈیفنس فورسز نے پیر کے روز طائف کی فضاؤں میں دو بیلسٹک میزائل مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔
سعودی حکام کے مطابق طائف کے علاقے میں دو میزائلوں کو نشانہ بنایا گیا، ایک میزائل کا رخ مکہ اور دوسرے کا رخ جدہ کی جانب تھا۔
العربیہ نے کہا ہے کہ یہ بیلسٹک میزائل یمنی حوثیوں کی جانب سے داغا گیا تھا جنھیں ایران کی حمایت حاصل ہے۔
عرب اتحاد کی فورسز کے سرکاری ترجمان کرنل ترکی المالکی نے منگل کو اپنے بیان میں کہا کہ حوثی ملیشیا نے سعودی عرب کے شہر نجران میں بھی دھماکہ خیز مواد کے حامل ڈرون طیارے کے ذریعے ایک اہم تنصیب کو نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے۔ اس مقام کو سعودی شہری اور غیر ملکی مقیم افراد استعمال کرتے ہیں۔
عرب اتحاد کی فورسز کے سرکاری ترجمان کرنل ترکی المالکی کا کہنا ہے کہ “اس حوالے سے سخت جواب دیا جائے گا اور مشترکہ فورسز کی کمان تمام تر جوابی اقدامات کرے گی۔ یہ اقدامات بین الاقوامی اور انسانی قانون کے مطابق اور عُرف میں رائج ضوابط کے تحت ہوں گے۔”